تعلیمی اداروں کو تعطیل ، وزیر اعلیٰ گوگوئی کا متاثرہ علاقوں کا دورہ
گوہاٹی ۔ 22 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : صبح کی اولین ساعتوں سے جاری موسلادھار بارش کی وجہ سے یہاں کی بیشتر سڑکیں زیر آب آگئی ہیں ۔ جس کے بعد شہری انتظامیہ نے تمام تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا حکم جاری کیا ہے ۔عہدیداروں کے مطابق بارش سے طغیانی پر آئے دریائے بھرالونے انیل نگر ، ترون نگر ، قومی شاہراہ 37 ، آرٹیریل جی ایس اور جی ایف بی روڈس کو شدید طور پر متاثر کیا ہے ۔ جو زیر آب آنے کے بعد فی الحال قابل استعمال نہیں ہیں ۔ کئی گاڑیوں کو زیر آب سڑکوں پر پھنسا ہوا دیکھا گیا ۔ دوسری طرف دفاتر اور اسکول جانے والے بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور یہی وجہ ہے کہ تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے ۔ ضلع انتظامیہ کی جانب سے جاری کئے گئے پریس ریلیز میں تمام تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام طلباء اپنے اپنے مکانات کو بحفاظت پہنچ جائیں جب کہ پہاڑی علاقوں میں رہنے والوں کو ممکنہ زمین کھسکنے کے واقعات کے پیش نظر محفوظ مقامات منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ اس موقع پر بارش اور سیلاب سے پیدا شدہ حالات کا وزیر اعلیٰ ترون گوگوئی نے جائزہ لیا اور ضلع انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مشکلات میں پھنسے ہوئے لوگوں تک عاجلانہ رسائی کو ممکن بنایا جائے اور انہیں راحت پہنچائی جائے ۔