شتروگھن سنہا کو ان کی اوقات دکھائیں : امیت شاہ

پٹنہ 9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اداکار سے سیاستداں بننے والے شتروگھن سنہا جنھوں نے بی جے پی سے استعفیٰ دے کر کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ آج اُس وقت امیت شاہ پر برہمی ظاہر کی جب انھیں میڈیا رپورٹ کے بارے میں معلوم ہوا کہ امیت شاہ ان کے حلقہ پٹنہ صاحب میں اس ہفتہ روڈ شو کرتے ہوئے شتروگھن سنہا کی اوقات دکھادیں گے۔ شتروگھن سنہا نے کہاکہ امیت شاہ ہفتہ کی شام کدم خاں بستی سے روڈ شو نکال رہے ہیں جہاں شتروگھن سنہا کا آبائی مکان ہے اور یہ علاقہ گنجان تنگ و تاریک گلیوں سے ہوکر گزرتا ہوا تاریخی گاندھی میدان کی جانب نکلتا ہے، شتروگھن سنہا نے کہاکہ میں نے سنا ہے کہ امیت شاہ پٹنہ آرہے ہیں انھیں آنے دیجئے، ان کا مہمان کی طرح خیرمقدم کیا جائے گا لیکن مجھے یہ بھی معلوم ہوا کہ امیت شاہ یہاں آکر روڈ شو کرتے ہوئے میری اوقات بتانے والے ہیں، یہی بات میں انھیں یاد دلاتا ہوں کہ بی جے پی نے 2015 ء کے انتخابات میں اپنی ناکامی کا سبق نہیں سیکھا ہے۔