شہر کی بڑی مساجد میں اجتماعات ، اجتماعی دعائیں اور علماء کے خطابات
حیدرآباد /13 جون ( سیاست نیوز ) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں شب برات کا انتہائی خشوع و خضوع اور عقیدت کے ساتھ اہتمام کیا گیا ۔ شب برات کے موقع پر مختلف مساجد و خانقاہوں میں اجتماعی دعائے نصف شعبان کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ دونوں شہروں کے مختلف مقامات پر جلسہ ہائے شب برات منعقد کئے گئے جن سے مقامی و بیرونی علماء نے خطاب کیا ۔ جلسہ شب برات سے مخاطب کرنے والے علماء و مشائخین نے امت مسلمہ کو تلقین کی کہ وہ اپنے دین و عقیدے کی حفاظت پر توجہ دیں ۔ علماء نے مسلمانوں کو مشورہ دیا کہ ماہ شعبان المعظم کے بعد آنے والے رحمتوں و برکتوں والے مہینے رمضان المبارک کے استقبال کی تیاریوں کا آغاز کردیں ۔ مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ آئندہ ماہ کی عبادتوں میں لذت کو محسوس کرنے کیلئے ابھی سے عبادتوں کی کثرت شروع کردیں تاکہ ماہ رمضان المبارک کے دوران کی جانے والی عبادتوں میں انہیں خشوع و خضوع میسر آئے ۔ علماء و مشائخین نے ان جلسہ ہائے شب برات سے خطاب کے دوران کہا کہ اللہ تعالی اس شب میں بندوں کے اعمال کا جائزہ لیتے ہوئے ان کے اگلے سال کیلئے مقدرات کے فیصلے فرماتا ہے ۔ علماء نے یہ بھی کہا کہ شعبان المعظم کی 15 ویں شب سے جو عبادتوں کا سلسلہ اللہ والے شروع کیا کرتے تھے یہ سلسلے ختم رمضان المبارک تک جاری رہتے تھے ۔ جامع مسجد دارالشفاء کے علاوہ جامع مسجد چوک میں مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ کا خصوصی خطاب ہوا جبکہ کل ہند بزم رحمت عالم کی جانب سے قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں جلسہ شب برات منعقد کیا گیا ۔ اس جلسہ میں الحاج ڈاکٹر صوفی عبدالقادر بادشاہ قادری چشتی شاذلی نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔ مرکز میلاد کمیٹی کے زیر اہتمام خلوت گراؤنڈ پر جلسہ شب برات منعقد ہوا جس سے بہار کے مولانا محمد عمر نورانی نے خصوصی خطاب کیا ۔ کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے زیر اہتمام مغل پورہ پلے گراؤنڈ میں جلسہ شب برات منعقد ہوا جس میں شمالی ہند سے تعلق رکھنے والے عالم دین علامہ مولانا مفتی محمد رئیس القادری کے علاوہ علامہ مولانا مفتی محمد مشرف حسین قادری نے شرکت کی ۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے مختلف مساجد کو روشنیوں سے منور کیا گیا تھا ۔ علاقہ ازیں تاریخی مکہ مسجد کے اندرونی حصہ میں موجود فانوس بھی روشن کئے گئے تھے جس سے مسجد کا اندرونی حصہ بقعہ نور ہوگیا تھا ۔