ریاض۔/23جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب کے شاہ عبداللہ، ہندوستان کے ایک عظیم دوست تھے جنہوں نے کسی وقت اس ملک کو دوسرا گھر قرار دیا تھا۔ انہوں نے اپنے دور حکومت میں باہمی تعلقات کیلئے ایک مضبوط بنیاد قائم کی جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان یہ تعلقات وسعت پذیر ہوگئے۔ شاہ عبداللہ کا آج 90 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ انہوں نے اپنے سوتیلے بھائی سلمان کو اپنا جانشین مقرر کیا ہے اور وہ ملک کے نئے حکمران ہوں گے۔ سعودی عرب میں متعین ہندوستانی سفارتکار حامد علی راؤ نے بتایا کہ شاہ عبداللہ کی حکمرانی ہند۔ سعودی عرب تعلقات کو فروغ دینے کیلئے دو تاریخی معاہدات دہلی اعلامیہ (2005) اور ریاض اعلامیہ (2010) کئے گئے تھے اور شاہ عبداللہ ہندوستان کے ایک عظیم دوست تھے۔ انہوں نے جنوری 2006ء میں یوم جمہوریہ تقاریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کیلئے ہندوستان کا تاریخی دورہ کیا تھا جس کے باعث ہند۔ سعودی عرب کے درمیان باہمی تعلقات کا ایک نیا باب شروع ہوا تھا۔اس موقع پر شاہ عبداللہ نے ہندوستان کو اپنا دوسرا گھر قرار دیا اور دہلی اعلامیہ پر دستخط ثبت کئے تھے، اس اعلامیہ کی بدولت ہند۔ سعودی تعلقات کو نئی جہت عطاء کرنے کیلئے راہ ہموار ہوئی تھی۔ بعد ازاں ہندوستانی وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے سال 2010ء میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔
اس موقع پر دونوں ممالک نے حکمت پر مبنی ساجھیداری کو فروغ دینے کیلئے ریاض اعلامیہ پر دستخط کئے تھے جس کے بعد ہند۔ سعودی تعلقات مزید مضبوط ہوگئے۔ ریاض میں متعین ہندوستانی قونصل جنرل مسٹر مبارک نے یہ بات بتائی اور کہا کہ شاہ عبداللہ بلا شبہ ہندوستان کے سچے اور پکے دوست تھے اور ہندوستان کو اپنے دل کے قریب مانتے تھے اور سعودی عرب میں تقریباً 30لاکھ ہندوستانی شہری برسر خدمت ہیںجوکہ غیر ملکی برادریوں میں سب سے بڑی اکثریت ہے اور یہ سب کچھ شاہ عبداللہ کی پالیسیوں کی مرہون منت ہے جبکہ سعودی عرب کے نئے حکمران شاہ سلمان نے گزشتہ سال ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔اس موقع پر سیکوریٹی کے شعبہ میں ساجھیداری کو وسعت دینے کیلئے دونوں ممالک نے دفاعی تعاون معاہدہ پر دستخط کئے تھے جبکہ مابعد برسوں میں باہمی ملاقات بالخصوص باہمی مفادات کے شعبوں بشمول توانائی، سیکوریٹی، تجارت اور انفراسٹرکچر کی ترقی میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے۔
نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب ہندوستان اور پاکستان میں شاہ عبد اللہ کے احترام میں ایک روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ حکومت ہند نے فیصلہ کیا کہ شاہ عبد اللہ کے احترام میں کل ایک روز قومی سوگ منایا جائے گا، جس کے دوران قومی پرچم نصف بلندی پر ملک گیر سطح پر لہرایا جائے گا اور کوئی قومی تقریب منعقد نہیں کی جائے گی۔ تمام ریاستوں کے چیف سکریٹریوں، مرکز زیر انتظام علاقوں کے انتظامیہ کو اس فیصلہ کی اطلاع دے دی گئی ہے۔ شاہ عبد اللہ کا انتقال سعودی سرکاری ٹی وی پر آج رات ایک بجے کیا گیا۔