شاہ سلمان نے نماز عیدالفطر مسجد الحرام میں ادا کی

 

سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، امریکہ ، کنیڈا میں عید منائی گئی
مکہ معظمہ ۔ /25 جون (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عیدالفطر کی نماز مسجد الحرام میں ادا کی جہاں لاکھوں فرزندان توحید رمضان المبارک کی تکمیل کے بعد نماز ادا کرنے آئے تھے ۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کے ہمراہ نماز عید ادا کرنے والوں میں یمن کے صدر عبد ربہ منصور ہادی ، مالدیپ کے سابق وزیراعظم محمد وحید ، لبنانی وزیراعظم سعد الحریری ، پاکستانی فوج کے سابق سربراہ جنرل راحیل شریف سمیت اعلیٰ سعودی فوجی اور سول حکام بھی شامل تھے ۔ اس سے قبل رات گئے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے ماہ صیام کے اختتام اور عیدالفطر کے موقع پر سعودی قوم اور پورے عالم اسلام کو عید کی مبارکباد پیش کی تھی ۔ شاہ سلمان کی جانب سے عیدالفطر کی مناسبت سے جاری خصوصی پیغام وزیر ثقافت و اطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح العواد نے پڑھ کر سنایا ۔ شاہ سلمان نے اپنے عید پیغام میں حمد و ثناء کے بعد سعودی عوام اور ساری دنیا میں پھیلی پوری مسلم امہ کو مخاطب کرتے ہوئے انہیں عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ خوشی کے اس موقع پر ہم وفور مسرت کے ساتھ اللہ جل شانہ کے اس احسان کا شکر بھی ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمیں ایک بار پھر ماہ مقدس کے دنوں کا روزہ اور راتوں کے قیام کا موقع نصیب فرمایا ۔ ہمیں ایک بار پھر اپنی عبادت اور قربت کا عظیم موقع دیا ۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان عالی شان ہے کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ ’ ابن آدم کا ہر عمل اسی کے لیے ہے اور روزہ میرے لیے ہے ‘ سو میں ہی اس کی جزا دوں گا ۔ اللہ تعالیٰ پورے عالم اسلام کے ماہ صیام کے روزے ، عبادات اور قیام کو شرف قبولیت عطا کرے ۔ شاہ سلمان نے اپنے پیغام میں عالم اسلام پر اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے ، رواداری کے کلچر کو عام کرنے ،اسلامی معاشروں میں تعاون اور تکافل کو فروغ دینے ، مظلوم کی حمایت کرنے ، رشتہ داروں سے صلہ رحمی کرنے اور بے سہارا لوگوں کی مدد کرنے کی بھی تلقین کی ۔