شاہ رخ خان کی فلم رئیس کی شوٹنگ پر اعتراض

عدم تحمل پر تبصرہ کے خلاف وشوا ہندوپریشد کا احتجاج
بھوج ( گجرات ) ۔ 3 ۔ فروری : (سیاست ڈاٹ کام ) : وشوا ہندوپریشد کے کارکنوں نے آج ضلع بھوج میں بالی ووڈ سوپر اسٹار شاہ رخ خاں کی فلم رئیس شوٹنگ پر اعتراض کیا اور قبل ازیں عدم تحمل پر فلمی اداکار کے دئیے گئے بیان کے خلاف احتجاج کیا ۔ وی ایچ پی کے تقریبا 20 تا 30 کارکنوں نے کل ضلع عہدیداروں کو ایک میمورنڈم پیش کیا اور فلم کی شوٹنگ کی اجازت منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ۔ احتجاجیوں نے آج ضلع کلکٹریٹ کے باہر اپنے مطالبہ پر زور دیتے ہوئے فلمی اداکار کے خلاف نعرے بلند کئے اور ان کے پوسٹرس کو پھاڑ دیا ۔ یہ احتجاجی کلکٹر آفس سے شہر بھوج کے مضافات میں شوٹنگ کے مقام کی سمت جارہے تھے کہ پولیس نے مداخلت کر کے انہیں منتشر کردیا ۔ وشوا ہندوپریشد گجرات کے جنرل سکریٹری رنچوڈ بھرواد نے بتایا کہ فلمی اداکار کو یہ سوچنا چاہئے کہ وہ جس ملک میں رہتے ہیں انہیں عزت ، دولت اور شہرت دی ہے ۔ اس کے باوجود ’ عدم تحمل ‘ کی بات کرنا مناسب نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہی یہ خبر آئی ہے کہ پاکستان میں ایک ہندو مندر پر حملہ کر کے نقصان پہنچایا گیا اور شاہ رخ خاں اس واقعہ پر کیوں خاموش ہیں ۔ کیا انہیں وہاں پر مذہبی عدم روا داری نظر نہیں آرہی ہے ۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال دسمبر میں بھی دائیں بازو کی تنظیموں نے گجرات اور راجستھان میں شاہ رخ خاں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے تھے اور ان کی فلم دل والے کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا ۔ شاہ رخ خاں نے گدشتہ سال 2 نومبر کو عدم تحمل پر جاری بحث میں شامل ہو کر کہا کہ اس ملک ’ عدم تحمل ‘ کا ماحول پایا جاتا ہے ۔