ممبئی۔26جون ( سیاست ڈاٹ کام ) بالی ووڈ سوپر اسٹار شاہ رخ خان کے ڈرائیور کو ایک نابالغ گھریلو ملازمہ کی مبینہ طور پر عصمت ریزی کرنے پر گرفتار کرلیا گیا ۔ ڈرائیور نے گھریلو ملازمہ کو شاہ رخ خان کے مکان پر ملازمت دلانے کا وعدہ کیا تھا جسے پہلے ہی ایک ایکٹریس نے ملازمت سے نکال دیا تھا جو کرکٹر سے سیاستداں بن جانے والے کی بیوی تھی ۔ باندرہ پولیس کے مطابق 34سالہ ملزم راجندر گوتم جو شاہ رخ خان کے ڈرائیور کی حیثیت سے گذشتہ سات سال سے ملازمت کررہا ہے ‘ اسے مضافاتی علاقہ نالاسوپارہ کی ایک لاج میں 17سالہ لڑکی کی عصمت ریزی کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ۔ اسسٹنٹ پولیس کمشنر شیواجی راؤ کولیکر نے کہاکہ متاثرہ ملازمہ لاتور کی متوطن ہے جو اس سے قبل ایک مشہور ایکٹریس کی رہائش گاہ پر ملازمت کیا کرتی تھی
جو کرکٹر سے سیاستداں بننے والے ایک سابق کانگریس ایم پی کی اہلیہ ہیں ۔ کمشنر کے مطابق متاثرہ ملازمہ اُسے ملنے والی تنخواہ سے خوش نہیں تھی
اور کسی دیگر جگہ ملازمت حاصل کرنے کوشاں تھی ۔ گوتم نے جب لڑکی سے بات کرنے کیلئے فون کیا تو اس کی مالکن نے ہی فون اٹھایا ۔ دوسری طرف گوتم یہ سمجھتا رہا کہ وہ لڑکی سے بات کررہا ہے اور اسے شاہ رخ خان کے بنگلہ میں ملازمت ملنے کے امکانات کے بارے میں بتا رہا تھا ۔ مالکن نے جب یہ تمام تفصیلات اپنے ہی کانوں سے سنیں تو اس نے لڑکی کو ملازمت سے جواب دے دیا ۔ بعد ازاں اس نے لڑکی کو بتایا کہ شاہ رخ خان ممبئی میں نہیں ہے جیسے ہی وہ ممبئی واپس آئیں گے لڑکی کو بنگلہ میں ملازمت مل جائے گی ۔ لڑکی کے پاس چونکہ کوئی رہائشی ٹھکانہ نہیں تھا لہذا وہ اسے نالاسوپارہ کی ایک لاج میں لے گیا اور اس کی عصمت ریزی کی ۔ اس نے لڑکی کو دھمکایا کہ اگر اس نے یہ بات کسی کو بتائی تو اس کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے ۔