شاہنواز حسین کیخلاف ریپ کیس میں ایف آئی آر درج کرنے پر حکم التواء

نئی دہلی ، 13 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) دہلی ہائی کورٹ نے آج ایک ٹرائل کورٹ کے آرڈر پر حکم التواء جاری کیا جس میں دہلی پولیس کو بی جے پی لیڈر شاہنواز حسین کے خلاف ایک خاتون کی مبینہ ریپ کی شکایت پر ایف آئی آر درج رجسٹر کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ جسٹس اے کے پاٹھک نے نوٹس جاری کی اور شاہنواز کی گزشتہ روز ٹرائل کورٹ کے آرڈر کے جواز کو چیلنج کرتے ہوئے داخل کردہ عرضی پر مبینہ مظلومہ اور پولیس کا جواب طلب کیا ہے۔ دہلی میں مقیم خاتون نے جنوری میں ٹرائل کورٹ سے رجوع ہوکر ریپ کے اپنے الزام پر شاہنواز کے خلاف ایف آئی آر درج رجسٹر کرانے کی استدعا کی تھی۔ ہائی کورٹ جو ابتداء میں ٹرائل کورٹ کے آرڈر پر حکم التواء کے لئے رضامند نہیں تھا، اُس نے بعد میں کہاکہ سماعتی عدالت کے 12 جولائی کے حکمنامہ پر عمل آوری کو سماعت کی اگلی تاریخ 6 ڈسمبر تک ملتوی رکھا جائے۔ شاہنواز نے سیشنس کورٹ کے حکمنامہ کو کالعدم کردینے یا اُس پر حکم التواء جاری کرنے کے لئے ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی ہے۔