شاپنگ مال سانحہ ’’مجرمانہ لاپرواہی‘‘ کا نتیجہ : پوٹن

ماسکو ۔ 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے آج سائبرین سٹی کیمیرو میں واقع ایک شاپنگ مال میں لگی آگ کو ’’مجرمانہ لاپرواہی‘‘ سے تعبیر کیا جس میں 64 افراد اپنی قیمتی جانیں گنوا بیٹھے۔ یاد رہیکہ پوٹن نے آتشزدگی کے سانحہ کے دوروز بعد یہاں کا دورہ کیا۔ روس میں گذشتہ ایک صدی کے دوران آتشزدگی کا یہ بدترین واقعہ تصور کیا جارہا ہے جہاں مہلوکین میں اکثریت بچوں کی تھی۔ پوٹن آج کیمیرو پہنچے کیونکہ کریملن میں بھی اس بات کا چرچا ہورہا ہے کہ آخر ’’انسان کی پیدا کردہ آفت‘‘ سے نمٹنے سربراہ مملکت نے کیا حکمت عملی اختیار کی ہے۔ جائے حادثہ کے مقام کا دورہ کرنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ دیکھ کر زیادہ افسوس ہوتا ہے کہ یہ کوئی آفت سماوی نہیں تھی۔ یہاں بچے کھیلنے کودنے اور لطف اندوز ہونے کیلئے آئے تھے۔ انہوں نے تمام مہلوکین کے لئے بنائی گئی ایک عارضی یادگار پر بھی گلہائے عقیدت پیش کئے جہاں بچوں کے کھلونے اور غبارے بھی رکھے ہوئے تھے۔ انہوں نے اس سانحہ کو ’’مجرمانہ لاپرواہی‘‘ کا نتیجہ قرار دیا جس کی وجہ سے معصوم بچے ہلاک ہوئے۔ اس سانحہ کے بعد کیمپرو میں تین دن کے سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔