ماسکو ۔ 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایک شاپنگ مال میں مہیب آتشزدگی کے واقعہ میں ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی۔ مقامی عہدیداروں کے مطابق بچاؤکاری عملہ ہنوز ملبہ میں پھنسے ہوئے افراد کو تلاش کررہا ہے۔ دریں اثناء تاتارستان وزارت ہنگامی حالات کے ترجمان اینڈری روڈیگن نے آر آئی اے نواسٹی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ اب تک ملبہ سے گیارہ نعشوں کو نکالا جاچکا ہے۔ کل ایک خاتون اور چار مردوں کے فوت ہوجانے کی توثیق کی گئی تھی۔ کازان میں آتشزدگی کی وجہ سے تین منزلوں پر محیط شاپنگ مال پوری طرح تباہ ہوچکا ہے۔ وزارت ہنگامی حالات نے کل ایک بیان دیتے ہوئے 25 افراد کے لاپتہ ہونے کی نشاندہی کی تھی اور فی الحال ملبہ کا جو زبردست ڈھیر ہے اس میں کسی کو تلاش کرنے میں کافی دن لگ جائیں گے۔ مسٹر اینڈری نے کہا کہ حیرت کی بات یہ ہیکہ بچاؤ کاری عملہ نے حادثہ کے حکام سے ایک بلی کو زندہ نکالا ہے۔