شام کے 49 فیصد کیمیاوی ہتھیار تباہ کردئے گئے : رپورٹ

اقوام متحدہ 27 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) عالمی سطح پر کیمیاوی ہتھیاروں کے نگران ادارے نے کہا ہے کہ شام میں جملہ 49 فیصد کیمیاوی ہتھیاروں اور زہریلے مواد کو منتقل کردیا گیا ہے ۔ انہیں بیرون ملک روانہ کیا گیا ہے جہاں اس کی تباہی عمل میں آئیگی ۔ امکان ہے کہ مابقی کیمیاوی ہتھیاروں یا مواد کو ماہ اپریل کے ختم تک روانہ کردیا جائیگا۔ کیمیاوی ہتھیاروں پر امتناع کی تنظیم نے اقوام متحدہ کو اپنی ایک رپورٹ میں کہا کہ جو ہتھیار شام میں ہی منتقل کئے گئے ہیں یا انہیں تباہ کردیا گیا ہے وہ 53.6 فیصد ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شام نے اپریل 13 تک ان ہتھیاروں کو تلف کرنے کی مہلت طلب کی تھی اور کہا تھا کہ جو ناقابل رسائی علاقے ہیں ان میں موجود ہتھیاروں کو استثنی دیا جانا چاہئے ۔ان ہتھیاروں کیلئے 27 اپریل تک کی مہلت دی گئی تھی ۔ بین الاقوامی برادری کا مقصد یہ ہے کہ یہاں موجود تمام کیمیاوی اور بڑے پیمانے پر تباہی مچانے والے ہتھیاروں کو تلف کیا جائے ۔