بیروت ۔ یکم اپریل۔(سیاست ڈاٹ کام) شام میں اپوزیشن جنگجوؤں نے وسطی شہر ہومس کا بڑے پیمانے پر تخلیہ شروع کردیا ہے ۔ سرکاری ٹیلی ویژن نے بتایا کہ باغیوں کے زیرقبضہ آخری گڑھ سے تخلیہ جاری ہے ۔ ٹی وی کے مطابق 350 افراد 22 بسوں میں سوار ہوکر یہاں سے روانہ ہوئے اور سابقہ دو مرتبہ کئے گئے تخلیہ کے برعکس اس بار جنگجو اور اُن کے ارکان خاندان جربلوس ٹاؤن کی طرف روانہ ہوئے جو ترکی سرحد سے قریب واقع ہے ۔ اس سے پہلے تخلیہ کرنے والوں نے باغیوں کے زیرکنٹرول صوبہ عدلیب کا رُخ کیا تھا ۔ تخلیہ کا یہ عمل حکومت کے ساتھ طئے پائے معاہدے کے مطابق جاری ہے اور اسے پورا ہونے کیلئے چند ہفتے درکار ہوں گے ۔ اپوزیشن نے معاہدے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کے نتیجہ میں الوائیر کے مقامی افراد بے گھر ہوں گے ۔