بیروت 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) شام کے باغی اور سرکاری افواج نے آج حلب کے ایک اور مضافاتی علاقہ میں ایک دوسرے پر شلباری کی جس کے نتیجہ میں 9 افراد ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہوگئے۔ سفارت کاروں نے ماسکو روانگی پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے جہاں اقوام متحدہ کے سفیر برائے شام جنگ بندی معاہدہ کے بحال کرنے کے سلسلہ میں بات چیت منعقد کررہے ہیں۔ حلب شام کا ایک بڑا شہر ہے جو کبھی تجارت کا مرکز بھی تھا۔ لیکن حالیہ ہفتوں میں یہ تشدد کا مرکز بن گیا ہے۔ جزوی جنگ بندی کے باوجود یہاں پر جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ شام کے سرکاری ٹی وی کے بموجب شلباری سے حکومت کے زیرقبضہ علاقہ میں آج صبح مصروف اوقات میں ایک عمارت متاثر ہوئی۔ 7 افراد ہلاک اور دیگر 35 زخمی ہوگئے۔ کارکنوں نے اطلاع دی ہے کہ باغی پڑوسی علاقہ میں دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ شامی رسدگاہ برائے انسانی حقوق کی اطلاع کے بموجب زخمیوں کی تعداد 50 سے زیادہ ہے جن میں سے بعض شدید زخمی ہیں چنانچہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ کا اندیشہ ہے۔