شام کو روانگی کا منصوبہ ،6 فرانسیسیوںکے پاسپورٹس ضبط

لاس اینجیلس۔ 23 فروری (سیاست ڈاٹ کام) فرانس نے اپنے ان چھ شہریوں کے پاسپورٹس ضبط کرلیا ہے جو مبینہ طور پر شام کے سفر کا منصوبہ بنارہے تھے۔ فرانس میں پہلی مرتبہ ایسا سخت قدم اٹھایا گیا ہے۔ فرانسیسی شہریوں کو مشرق وسطیٰ کے جہادی گروپوں میں شامل ہونے سے روکنے کیلئے نومبر میں انسداد دہشت گردی کے نئے قوانین نافذ کئے گئے تھے جن کے ایک حصہ کے طور پر مشتبہ افراد کے پاسپورٹ کی ضبطی بھی شامل ہے۔ سکیورٹی ذرائع نے کہا کہ ان چھ فرانسیسی شہریوں کی شام کو روانگی یقینی تھی۔ ان کے پاسپورٹس اور شناختی کارڈز چھ ماہ کیلئے ضبط کئے گئے ہیں اور مابعد ان احکام کی تجدید کی جائے گی۔ اس واقعہ کے بارے میں ایک سوال پر فرانسیسی وزیراعظم مینویل والس نے جواب دیا کہ ’’ایسے اور بھی ہیں‘‘۔ والس نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ فرانس میں رہنے والے تقریباً 1,400 افراد شام اور عراق میں جہادیوں کے ساتھ شامل ہوچکے ہیں یا اس کا منصوبہ رکھتے ہیں۔