شام پر جنیوا II کانفرنس کی ایران کو دعوت منسوخ

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کا اچانک اقدام ، 24 گھنٹے میں فیصلہ تبدیل
اقوام متحدہ 21۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام )اقوام متحدہ نے شام کے موضوع پر جاریہ ہفتہ اہم امن کانفرنس میں شرکت کی ایران کو دی ہوئی دعوت منسوخ کردی کیونکہ اس کی امریکہ کی جانب سے سخت مخالفت کی جارہی تھی اور شام کے اپوزیشن نے مذاکرات کے بائیکاٹ کی دھمکی دی تھی۔ شدید دباؤ کے تحت اقوام متحدہ کے معتمد عمومی بانکی مون نے ایران کو صرف 24 گھنٹہ قبل دی ہوئی دعوت منسوخ کردی۔ اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ ایران کی شرکت کے بغیر مذاکرات جاری رہیں گے کیونکہ ایران کانفرنس کے مقاصد اور بنیاد سے اتفاق کرنے سے انکار کرچکا ہے۔ بانکی مون کے ترجمان نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل کئی اجلاسوں اور ٹیلی فون پر تبادلہ خیال کے بعد

ایران کے سینئر عہدیداروں نے معتمد عمومی اقوام متحدہ کو تیقن دیا ہے کہ ایران اُن کے موقف کو سمجھتا ہے اور کانفرنس کی بنیاد کی بشمول جنیوا اعلامیہ کی تائید کرتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ معتمد عمومی کو ایران کے عوامی بیانات پر شدید مایوسی ہوئی جو اس کے مبینہ تیقن سے ہم آہنگ نہیں ہے ۔ معتمد عمومی اقوام متحدہ ایران پر دباؤ ڈالنا جاری رکھیں گے کہ جنیوا اعلامیہ کے پس پردہ عالمی اتفاق رائے سے وہ بھی متفق ہوجائے ۔ خاص طور پر اس لئے کہ ایران نے بنیاد تفہیم سے باہر رہنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بانکی مون نے کہا کہ مونٹ ریکس میں ایک روزہ بات چیت ایران کی شرکت کے بغیر بھی جاری رہے گی۔ قبل ازیں بانکی مون اور اقوام متحدہ کے دیگر عہدیداروں نے کہا تھا کہ ایران شام کی حکومت کو فوجی تائید فراہم کرنے والا اہم ترین ملک ہے۔