بیروت۔ 7 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) شام میں انسانی حقوق کے گروپوں کے مطابق ملک کے مشرقی علاقوں میں عالمی فوجی اتحاد کے جنگی طیاروں سے کی گئی بمباری کے نتیجے میں کم سے کم28 ’داعشی‘ جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔عراق کی سرحد سے متصل علاقے دیر الزور میں سیرین ڈیموکریٹک فورس کے معاون عالمی اتحاد نے داعش کے متعدد ٹھکانوں پر بمباری کی۔شام میں انسانی حقوق کی صورت حال پرنظر رکھنے والے گروپ ’سیرین آبزرویٹری‘ کے مطابق مشرقی شام میں بیر الملح میں جنگی طیاروں اور توپ خانے سے کی گئی گولہ باری سے 28 جنگجو ہلاک ہوگئے۔ آبزرویٹری کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمن نے بتایا کہ بمباری کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور متاثرہ علاقوں تک انسانی حقوق کے کارکنوں کی رسائی نہیں ہو سکی، جس کی بناء پر ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ہے۔