واشنگٹن ، 14 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) شام میں دہشت گرد تنظیموں اسلامک اسٹیٹ اور القاعدہ کے مابین ایک معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت یہ دونوں گروہ ایک دوسرے پر اپنے حملے ترک کر دیں گے۔ نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس نے قابل اعتماد ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ان دونوں سنی شدت پسند تنظیموں کے رہنماؤں نے شمالی شام میں گزشتہ ہفتے ملاقات میں اس منصوبے پر اتفاق کیا، جس کے تحت ان گروپوں سے وابستہ عسکریت پسند ایک دوسرے پر حملے نہیں کریں گے اور مستقبل میں وہ اپنے مخالفین کے خلاف مشترکہ کارروائیاں کریں گے۔ شامی اپوزیشن کے ایک اعلیٰ عہدیدار اور باغیوں کے ایک کمانڈر نے کہا کہ اس سے شامی اپوزیشن مزید کمزور ہو سکتی ہے۔