بیروت ، 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) شامی فضائی حملوں نے آج جہادیوں کے زیر قبضہ شمالی شہر رقا میں 31 افراد ہلاک کردیئے جن میں دولت اسلامیہ (آئی ایس) کے 15 ارکان شامل ہیں۔ سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے ڈائریکٹر رمی عبد الرحمن نے کہا کہ حکومتی جنگی طیاروں نے رقا اور اس کے اطراف و اکناف کو نشانہ بناتے ہوئے آٹھ دھاوے کئے۔ کم از کم 15 جہادی اور 16 عام شہری بشمول تین بچے اور دو خواتین ہلاک ہوگئے۔ مہلوک عام شہریوں میں سے آٹھ ایک ہی فیملی سے تعلق رکھتے تھے۔ یہ کارروائی اس مہم میں شدت کا نتیجہ ہے جو صدر بشار الاسد کی حکومت نے شمالی اور مشرقی شام میں آئی ایس ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے چلا رکھی ہے۔