ماسکو ۔ 28 اگست (سیاست ڈاٹ کام) روس کے وزیردفاع نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ شام واپس ہونے والے اپنے دس لاکھ پناہ گزینوں کو دوبارہ قبول کرنے تیار ہے۔ یاد رہیکہ اس وقت شام میں روس تعمیر نو کیلئے اہم کردار ادا کررہا ہے۔ وزیردفاع سرگی شوئیگو نے کہا کہ 2015ء سے جب شام کے مختلف مواضعات اور مستقروں کو آزاد کروانا شروع کیا گیا تھا، زائد از 10 لاکھ شہری دوبارہ واپس آچکے ہیں۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب مزید دس لاکھ شامی شہریوں کو جو دیگر ممالک میں پناہ حاصل کئے ہوئے تھے، شام میں بازآباد کیا جائے گا کیونکہ اصل میں تو وہ شام کے ہی شہری ہیں۔ شام میں اس وقت انفراسٹرکچر کی تعمیر کا کام بڑے پیمانے پر جاری ہے جس میں سب سے زیادہ اہمیت ٹرانسپورٹ روٹس کو دی جارہی ہے اسکے بعد سیکوریٹی کا نمبر آتا ہے تاکہ واپس آنے والے شامی شہریوں کو بازآباد کرنے مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ روس شام کا حلیف ملک ہے اور 2015ء میں اس نے شام کی جنگ میں مداخلت کا آغاز کیا تھا تاکہ صدر بشارالاسد حکومت کی مدد کی جاسکے اور روس کے اس قدم سے جنگ کا پورا نقشہ ہی بدل گیا تھا۔