امریکی صدارتی طیارے پر۔30 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کل بتایا کہ وہ آئندہ مہینے ہلسنکی میں روسی صدر ولادی میر پیوتن سے ہونے والی ملاقات میں شام اور یوکرائن جیسے امور پر تفصیلی بات چیت کریں گے۔ نیو جرسی جاتے ہوئے امریکی صدارتی طیارے میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وہ اپنے روسی ہم منصب کے ساتھ بات چیت میں امریکی انتخابات میں مبینہ روسی مداخلت کا معاملہ بھی اٹھائیں گے۔ روسی حکومت کے مشیر ’یوری اوشا کوف‘ نے کہا تھا کہ روس اور امریکہ کے صدور کسی تیسرے ملک میں ملاقات پر متفق ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات امریکی قومی سلامتی کے مشیر جون بولٹن کے دورہ ماسکو کے دوران ان سے ملاقات کے بعد کہی۔جمعرات کو ماسکو کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ دونوں صدور کے درمیان ملاقات آئندہ ماہ فنلینڈ کے دارالحکومت ھلسنکی میں ہوگی۔ مبصرین کا خیال ہے کہ ٹرمپ اور پیوتن کی ملاقات سے دوطرفہ کشیدگی کی برف پگھلنے میں مدد ملے گی۔