بیروت ، 14 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) شامی میڈیا نے فوجی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ منگل کے روز اسرائیل کا ایک لڑاکا اور بغیر پائیلٹ جاسوسی طیارے اس وقت مار گرائے جب وہ جنوبی شام میں ایک فوجی ہدف کو نشانہ بنا رہے تھے۔ شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’سانا‘ کے اسرائیلی لڑاکا طیارے نے جنوبی شام کے مضافاتی علاقے القنطیرہ میں ایک فوجی ہدف کو منگل کو علی الصبح نشانہ بنایا۔ ایجنسی کے مطابق شامی فوج نے اسرائیلی طیارے کو مار گرایا۔ اس کے بعد بغیر پائیلٹ کا ایک جاسوسی اسرائیلی طیارہ بھی مار گرایا گیا۔ دونوں طیاروں کی تباہی پر اسرائیلی فوج کی جانب سے سامنے آنے والے ردعمل میں شامی دعوے کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شامی اہداف کو نشانہ بنانے والے لڑاکا طیاروں پر بشار الاسد کی وفادار فوج نے میزائل داغے۔ تاہم اسرائیلی طیاروں کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا اور وہ کارروائی کے بعد بحفاظت اپنے ٹھکانوں پر واپس آ گئے۔اسرائیل نے 1967 ء کی مشرق وسطیٰ جنگ میں شام سے گولان پہاڑیوں کو چھین کر قبضہ کرلیا اور تب سے دونوں ملکوں کے درمیان جنگ جیسی صورتحال رہی ہے۔