بیروت، 3 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) شامی باغی کمانڈر نے بتایا ہے کہ اگرسب کچھ منصوبہ کے مطابق رہا تو شامی باغی 48 گھنٹہ کے اندر داعش کے قبضہ والے شہر دابق پہنچ جائیں گے ۔ شام کے شمالی علاقہ میں ترکی کی حمایت سے کارروائی چل رہی ہے جس کا مقصد تنظیم کے لئے مذہبی اہمیت کے حامل ایک علاقہ کو نشانہ بنانا ہے ۔سلطان مراد باغی گروپ کے احمد عثمان نے یہ بھی کہا ہے کہ دابق کی طرف پیش قدمی بہت سست ہے کیونکہ داعش نے وہاں بہت زیادہ بارودی سرنگیں لگارکھی ہیں۔انہوں نے رائٹر کو بتایا کہ اگر سب کچھ ہمارے منصوبہ کے مطابق رہا تو 48 گھنٹہ کے اندر ہم دابق میں ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ اتوار کو جو باغی جنگجو مارے گئے تھے وہ سب ترکمان باریہہ گاؤں میں بارودی سرنگوں اور مارٹر حملہ میں مارے گئے تھے ۔ یہ گاؤں ترک حمایت یافتہ جنگجو نے داعش سے چھینا تھا۔