واشنگٹن۔19 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ کے ایوی ایشن سے متعلق وفاقی ادارے فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے تمام امریکی فضائی کمپنیوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ شام کی فضاوں میں پرواز سے گریز کریں۔ اس احتیاط کی وجہ شام میں لڑائی کی تازہ صورت حال میں خطرات کا مزید بڑھ جانا بتایا گیا ہے۔ ایف اے اے نے اس پہلے بھی امریکی جہازوں کو شام کے اوپر اُڑنے سے منع کیا تھا۔ تاہم حکام کے مطابق تازہ ہدایت میں کہا گیا ہے فضائی کمپنیاں شام کی طرف پرواز سے پہلے ایف اے اے سے ضرور رابطہ کریں۔حکام کا بیان میں کہنا ہے کہ تازہ چوکسی کی فوری وجہ شام کی صورت حال کے خطرناک تر ہونے اور امریکی طیاروں کیلئے بطور خاص خطرات کی اطلاعات ہیں۔ واضح رہے کہ شام کی چوتھے سال میں داخل خانہ جنگی میں اب تک ایک لاکھ ستر ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ان دنوں اسلامی عسکریت پسند تنظیم داعش نے شام کے بعض علاقوں کو قبضے میں کر لیا ہے۔ جس سے آس پاس کے ممالک کیلئے بھی خطرات بڑھ گئے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ عسکریت پسندوں کے پاس طیارہ شکن ہتھیار بھی موجود ہیں۔