شافعی طبقہ اور عربوں میں نکاح کے لیے قاضی کا تقرر منسوخ

حیدرآباد۔/10جنوری، ( سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود نے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں شافعی طبقہ اور عربوں میں نکاح کی انجام دہی کیلئے قاضی کے تقرر کے احکامات کو منسوخ کردیا ہے۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے اس سلسلہ میں جی او آر ٹی 13 جاری کیا جس کے ذریعہ 8جنوری کو جاری کردہ جی او آر ٹی 11 کو منسوخ کردیا گیا۔ جی او میں کہا گیا ہے کہ 28جون 2011ء کو مقامی اردو اخبارات میں علی عبداللہ رفاعی کے بارے میں بعض خبریں شائع ہوئیں جس میں بتایا گیا ہے کہ وہ مبینہ طور پر غریب مسلم لڑکیوں کی عرب شہریوں سے کنٹراکٹ میاریجس کرانے میں ملوث ہیں اور پولیس بھوانی نگر نے انہیں گرفتار کرتے ہوئے مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے اور یہ معاملہ عدالت میں زیر دوران ہے۔ جی او میں کہا گیا ہے کہ علی عبداللہ رفاعی نے تقرر کے سلسلہ میں 4اپریل 2013ء کو دی گئی درخواست میں ان اُمور کو چھپانے کی کوشش کی ہے۔ حکومت نے معاملہ عدالت میں زیر التوا ہونے کے باعث ایک دن قبل ان کے بحیثیت سرکاری قاضی تقرر کے سلسلہ میں جاری کردہ جی او کو منسوخ کردیا۔