راہول گاندھی کو فائلیں خاکستر ہونے کا اندیشہ، حکام کی تردید
نئی دہلی ، 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وسطی دہلی کے شاستری بھون میں جہاں مرکزی حکومت کی کئی وزارتیں قائم ہیں، منگل کو دوپہر آگ بھڑک اٹھی، جس پر برسراقتدار بی جے پی اور اپوزیشن پارٹیوں کے درمیان ’’فائلیں خاکستر ہوجانے‘‘ کے اندیشوں پر لفظی جنگ چھڑگئی، حالانکہ ایک عہدہ دار نے کہا کہ کوئی دستاویزات تلف نہیں ہوئے ہیں۔ دہلی فائر ڈپارٹمنٹ نے کہا کہ ہائی سکیورٹی انڈیا گیٹ۔ پارلیمنٹ ہاؤس علاقہ میں واقع چھ منزلہ عمارت کے بالاخانہ میں 2.15 بجے آگ بھڑک اٹھی۔ سات فائر انجنوں کی مدد سے 2.55 بجے تک آگ پر قابو پالیا گیا۔ اگرچہ کوئی بھی زخمی نہیں ہوا، لیکن دفتری اوقات میں واقعہ پیش آنے سے بلڈنگ میں موجود افراد میں خوف و ہراس پیدا ہوا۔ اپوزیشن قائدین جیسے صدر کانگریس راہول گاندھی اور سی پی آئی (ایم) کے سیتارام یچوری نے الزامات عائد کئے کہ سرکاری فائلوں کو تلف کیا جارہا ہے جس پر بی جے پی کی طرف سے شدید ردعمل سامنے آیا۔ راہول نے ایک ٹوئٹ میں کہا: مودی جی فائلیں جلانے سے آپ نہیں بچ پاؤگے۔ آپ کا فیصلہ ہونے کا دن قریب ہے۔‘‘