براست( مغربی بنگال)۔/2مئی،( سیاست ڈاٹ کام) شاردا میں سرمایہ کاری کرنے والے جنہیں اسکام کی وجہ سے نقصان کا سامنا کرنا پڑا تھا، نے آج بطور احتجاج سیالدہ ریل سیکشن ریل ٹریفک روک دی۔ سیالدہ ۔ رانا گھاٹ، سیالدہ ۔ پون گاؤں اور سیالدہ۔ براست سیکشن میں بھی احتجاجیوں نے ٹرینوں کو روک دیا۔ سپرنٹنڈنٹ آف ریل پولیس ( سیالدہ) اُتپل لاسکر نے بتایا کہ پولیس کی بروقت مداخلت سے ٹرینوں کی آمدورفت بحال کی گئی۔ سرمایہ کاری کرنے والے چونکہ اسکام سے زبردست نقصان کا سامنا کرچکے تھے اور جب ان کا پیسہ انہیں واپس نہیں ملا تو وہ احتجاج پر اُتر آئے۔
راشٹر پتی بھون کے سرونٹس کوارٹر
میں خاتون کی خودکشی
نئی دہلی۔/2مئی، ( سیاست ڈاٹ کام) صدر جمہوریہ کی سرکاری رہائش گاہ راشٹرپتی بھون کے حدود میں ایک خاتون نے چھت کے پنکھے سے لٹک کر پھانسی لے لی۔ پولیس عہدیداروں نے بتایا کہ 26سالہ شاذیہ کو سرونٹس کوارٹرس کے ایک کمرے میں چھت کے پنکھے سے لٹکا ہوا پایا گیا۔ یہ واقعہ صبح کی اولین ساعتوں میں پیش آیا۔ حالانکہ اسے فوری طور پر ایک قریبی ہاسپٹل لیجایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ پولیس عہدیداروں کے مطابق نعش کے قریب کوئی خودکشی نوٹ بھی برآمد نہیں ہوا۔