اہل افراد کو اسکیم سے استفادہ کا موقع، وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /7 نومبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی آر نے بتایا کہ 8 نومبر کو چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ شاد نگر (ضلع محبوب نگر) میں معمرین، معذورین اور بیواؤں میں ’’آسرا‘‘ اسکیم کا آغاز کریں گے۔ آج ٹی آر ایس ایل پی آفس اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے یہ بات کہی۔ اس موقع پر دیگر وزراء جگدیشور ریڈی اور مہندر ریڈی بھی موجود تھے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تمام اہل افراد کو آسرا اسکیم سے فائدہ پہنچے گا۔ انھوں نے بتایا کہ کانگریس کے دور میں معمرین اور بیواؤں کو ماہانہ 200 روپئے اور معذورین کو ماہانہ 500 روپئے وظائف دیئے جاتے تھے، جس سے کئی غیر مستحق افراد بھی استفادہ کر رہے تھے، تاہم ٹی آر ایس حکومت نے نہ صرف اسکیم کا نام تبدیل کردیا، بلکہ معمرین اور بیواؤں کو 200 کی بجائے ایک ہزار اور معذورین کو 500 کی بجائے 1500 روپئے وظائف جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس اسکیم کے تحت حکومت 3000 کروڑ روپئے خرچ کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ اگر ایک گھر میں دو معمر افراد ہیں تو صرف ایک فرد کو اسکیم سے فائدہ پہنچے گا، تاہم معذورین کے لئے اس قسم کی کوئی شرط نہیں رکھی گئی۔ انھوں نے کہا کہ عہدہ داروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ سرٹیفکٹس کے لئے عوام کو ہراساں نہ کریں، سرٹیفکٹس نہ ہونے کی صورت میں سرپنچ، ولیج سکریٹری اور ایم پی ٹی سی وغیرہ سے تصدیق کرائیں۔ انھوں نے کہا کہ ضلع کھمم میں ریاستی وزیر اکسائز پدما راؤ اسکیم کا آغاز کریں گے۔ انھوں نے بتایا کہ آدھار کارڈ نہ ہونے کی صورت میں بھی وظائف کی منظوری اور اندرون تین ماہ آدھار کارڈس کی اجرائی کی عہدہ داروں کو ہدایت دی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پہلے مہینہ میں راست طورپر وظائف مستحقین کو دیئے جائیں گے اور بعد ازاں بینک یا پوسٹ آفس کے اکاؤنٹس میں جمع کئے جائیں گے۔ مسٹر کے ٹی آر نے عوام کو اپوزیشن جماعتوں کی گمراہی کا شکار نہ ہونے اور شکوک و شبہات میں مبتلا نہ ہونے کا مشورہ دیا اور کہا کہ تمام اہل افراد کو آسرا اسکیم سے فائدہ پہنچایا جائے گا۔