شادی میں ’’ایک کھانا۔ ایک میٹھا‘‘ مہم صبرآزما تحریک

مہم کیلئے کمیٹی کی تشکیل، جناب زاہدعلی خاں سرپرست مقرر، جناب مشتاق ملک صدر مسلم شبان کا بیان
حیدرآباد 8 مارچ (راست) شادی میں ایک میٹھا ایک کھانا ملت کی معیشت کے استحکام کے ساتھ غریب اور متوسط طبقہ کو سود اور قرض کے بے جا بوجھ سے بچانے کیلئے تحریک مسلم شبان نے شروع کی ہے۔ آج ہماری شادیوں میں اسراف ملت کے ہر فرد کو بے چین کیا ہوا ہے۔ محلہ واری سطح پر اس سلسلہ میں کمیٹیاں تشکیل دی جارہی ہیں۔ جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان سے آج شہر کے مختلف علاقوں کے نوجوان اور مساجد کمیٹیوں کے ذمہ داروں نے صداقت ہاؤز ملک پیٹ میں ملاقات کی۔ طلباء اور نوجوانوں کی کثیر تعداد کو مخاطب کرتے ہوئے صدر تحریک مسلم شبان نے کہاکہ شادی میں ایک کھانا ایک میٹھا کی مہم کے ایک مرکزی کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست اس کمیٹی کے سرپرست ہوں گے۔ ملت کے مخیر اور دولت مند اصحاب سے گزارش کی جارہی ہے کہ وہ اپنی سکت و استطاعت کے باوجود شادی میں ایک کھانا ایک میٹھا سے تواضع کریں۔ امیروں کی شان و شوکت کے مظاہرے غریب اور متوسط طبقہ کیلئے سماجی برتری کے مظاہرے میں بدل کر سود، گھر رہن اور بھاری قرض میں تبدیل ہورہے ہیں۔ ہماری دعوتوں میں جس طرح کھانا ضائع ہورہا ہے۔ وہ گناہ کا باعث ہے رزق کا ضائع کرنا گناہ ہے۔ دستر خوان پر 20 تا 25 فیصد کھانا بیکار ہوکر کچرے کی نذر ہوجاتا ہے۔ جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان نے کہاکہ یہ مہم پورے استقلال کے ساتھ جاری رہے گی۔ ایک صبر آزما جدوجہد کا ہم نے بیڑہ اُٹھایا ہے۔ علمائے کرام، دانشوران ملت اس مہم کی حمایت کررہے ہیں۔ سنی علماء بورڈ، تحریک اسلامی، جمعیۃ العلماء تلنگانہ و اے پی، ایم پی جے، اہلحدیث، دیوبندی، بریلوی سب ہی علماء اس مہم کو وقت کی ضرورت قرار دیئے ہیں۔ عالمی جمعیۃ المشائخ نے بھی مہم کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ جناب محمد مشتاق ملک نے اس موقع پر کہاکہ کالجس، مدارس دینیہ، مساجد اور محلوں میں مہم کو چلایا جائے گا اور حمایت حاصل کی جائے گی۔ مساجد میں جمعہ کے خطبات کیلئے علمائے کرام سے ربط کا کام جاری ہے۔ مساجد میں نماز جمعہ کے موقع پر حلف دلایا جائے گا۔ اضلاع تلنگانہ سے بھی ایک کھانا ایک میٹھا مہم کی مرکزی کمیٹی کا اجلاس عنقریب منعقد ہوگا۔