مالیاتی سال ختم ہونے صرف ہفتہ باقی ، زیر التواء درخواستوں کی یکسوئی میں سرعت
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں شادی مبارک اسکیم کے تحت ابھی تک 4114 درخواست گزاروں کو فی کس 51,000 روپئے امداد جاری کردی گئی۔ اب جبکہ مالیاتی سال 2014-15 ء کے اختتام کیلئے صرف ایک ہفتہ باقی رہ گیا ہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے اسکیم میں تیزی پیدا کرتے ہوئے تمام زیرالتواء درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے 2 اکتوبر کو اس اسکیم کا آغاز کیا تھا۔ تاہم اس پر عمل آوری کا آغاز نومبر میں ہوا۔ 4 ماہ میں محکمہ اقلیتی بہبود کو اس اسکیم کے تحت جملہ 5999 درخواستیں وصول ہوئیں جن میں 4565 درخواستوں کو منظوری دی گئی اور رقم کی اجرائی کیلئے 4552 درخواستوں کو ٹریژری سے رجوع کیا گیا۔ حکومت نے اس اسکیم کے بجٹ کو گرین چیانل کے تحت رکھا ہے تاکہ منظورہ درخواستوں کیلئے رقم کی اجرائی کے سلسلہ میں محکمہ فینانس کی منظوری کا انتظار کرنا نہ پڑے۔ حکومت نے اس اسکیم کیلئے 100 کروڑ روپئے مختص کئے تھے اور 20,000 غریب اقلیتی لڑکیوں کی شادی کے موقع پر امداد فراہم کرنے کا نشانہ مقرر کیا تھا ۔ عہدیداروں کی کمی اور اسکیم کے سلسلہ میں بعض سخت شرائط کے سبب چار ماہ میں درخواستوں کے ادخال کی رفتار سست رہی۔ حکومت اس بات کی کوشش کر رہی ہے کہ آئندہ سال سے اس اسکیم کی شرائط میں نرمی پیدا کی جائے۔ لڑکی کے پیدائشی سرٹیفکٹ کے بجائے ووٹر آئی ڈی کارڈ کو قبول کرنے کا چیف منسٹر نے اعلان کیا۔ تاہم ابھی تک اس سلسلہ میں احکامات جاری نہیں کئے گئے۔ شرائط میں نرمی اور اقلیتوں میں شعور بیداری کے ذریعہ اسکیم کو کامیاب بنایا جاسکتا ہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے شعور بیداری کیلئے پوسٹرس جاری کئے تھے لیکن ابھی تک یہ طئے شدہ پروگرام کے مطابق شہر اور اضلاع کی مساجد میں آویزاں نہیں کئے گئے اس کیلئے عہدیدار اسٹاف کی کمی کا بہانہ بنارہے ہیں۔ شادی مبارک اسکیم کی موجودہ کارکردگی کا سہرہ غیر سرکاری تنظیموں اور سماجی تنظیموں کے سر جاتا ہے جنہوں نے اپنے کارکنوں کے ذریعہ شعور بیداری کا کام انجام دیا اور درخواستوں کے آن لائین ادخال کی سہولت فراہم کی۔ روزنامہ سیاست نے اس سلسلہ میں باقاعدہ ہیلپ لائین کاؤنٹر قائم کیا ہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک کی منظورہ درخواستوں میں سب سے زیادہ درخواستیں حیدرآباد سے تعلق رکھتی ہیں جہاں 772 خاندانوں میں امداد تقسیم کی گئی جبکہ 1125 درخواستوں کو منظوری دی گئی۔ دیگر اضلاع کی منظورہ درخواستوں کی تعداد حسب ذیل ہے۔ عادل آباد 499 ، کریم نگر 325 ، کھمم 186 ، محبوب نگر 263 ، میدک 314 ، نلگنڈہ 243 ، نظام آباد 552 ، رنگا ریڈی 650 اور ورنگل 230۔ اس مدت کے دوران ایس سی ایس ٹی طبقات سے تعلق رکھنے والی لڑکیوں کی شادی کے سلسلہ میں شروع کردہ کلیان لکشمی اسکیم کی کارکردگی شادی مبارک سے کم ہے۔ ایس سی طبقہ سے تعلق رکھنے والی 3647 لڑکیوں اور ایس ٹی طبقہ کی 1387 لڑکیوں کیلئے ابھی تک امداد جاری کی گئی۔