اسکیم گرین چیانل سے علحدہ کردی گئی ، درخواست گذاروں کی امیدوں پر پانی پھیر جانے کا امکان
حیدرآباد ۔20 ۔ اپریل (سیاست نیوز) محکمہ فینانس کی جانب سے بجٹ کی عدم اجرائی کے سبب شادی مبارک اسکیم کی منظورہ درخواستوں کو امدادی رقم کی اجرائی کا سلسلہ بند ہوچکا ہے۔ محکمہ فینانس نے مالیاتی سال 2014-15 ء کے اختتام کے ساتھ ہی 31 مارچ کو شادی مبارک اسکیم کو گرین چیانل سے علحدہ کردیا جس کے سبب شادی مبارک اسکیم کی رقم کی اجرائی بند ہوچکی ہے۔ گرین چیانل میں اسکیم کی موجودگی سے درخواست گزاروں کے اکاؤنٹ میں راست طور پر رقم منتقل کی جارہی تھی لیکن اب محکمہ اقلیتی بہبود کو محکمہ فینانس سے جاریہ سال کے بجٹ کی اجرائی کا انتظار ہے جب تک بجٹ جاری نہیں کیا جائے گا ، اس وقت تک شادی مبارک اسکیم کے منظورہ درخواست گزاروں کو امدادی رقم نہیں دی جاسکتی۔ تلنگانہ کے 10 اضلاع میں اس اسکیم کے تحت ابھی تک 9819 درخواستیں داخل کی جاچکی ہیں اور 5800 درخواست گزاروں کو رقم جاری کی گئی۔ تقریباً 3000 سے زائد ایسے درخواست گزار ہیں، جن کی درخواستیں منظور ہوچکی ہیں، تاہم بجٹ کی عدم اجرائی کے سبب امدادی رقم 51,000 روپئے جاری نہیں کی جاسکی۔ محکمہ فینانس کے اس رویہ کے بارے میں محکمہ اقلیتی بہبود نے چیف منسٹر کی توجہ مبذول کرائی لیکن ابھی تک اسکیم کو دوبارہ گرین چیانل میں شامل نہیں کیا گیا۔ چیف منسٹر اسمبلی میں اعلان کیا تھا کہ جاریہ سال اقلیتی بہبود کا سارا بجٹ گرین چیانل میں شامل رہے گا لیکن اس اعلان پر کس حد تک عمل کیا جائے گا اس کا اندازہ شادی مبارک اسکیم کی صورتحال سے ہوتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ فینانس نے جاریہ سال کے بجٹ کی پہلی قسط اندرون ایک ہفتہ جاری کرنے کا تیقن دیا ہے۔ اگر بجٹ جاری ہوگا تو اسی وقت درخواست گزاروں کو رقم حاصل ہوگی۔ بصورت دیگر انہیں مزید ایک ماہ تک انتظار کرنا پڑتا ہے۔ امدادی رقم کیلئے روزانہ کئی خاندان اقلیتی بہبود کے دفتر کے چکر کاٹ کر رہے ہیں لیکن عہدیدار اپنی بے بسی کا اظہار کر رہے ہیں۔ غریب خاندانوں کا کہنا ہے کہ شادی سے قبل امدادی رقم کی اجرائی کی صورت میں انہیں شادی کے اخراجات کی تکمیل میں مدد ملے گی۔ حالیہ دنوں حکومت کی جانب سے اسکیم کے قواعد میں نرمی پیدا کئے جانے کے بعد درخواست کے ادخال میں تیزی پیدا ہوئی ہے۔ حیدرآباد سے آج تک 2690 درخواستیں داخل کی گئیں جبکہ ورنگل 451 ، میدک 814 ، عادل آباد 1199 ، رنگا ریڈی 1350 ، نظام آباد 1164 ، کھمم 355 ، نلگنڈہ 502، کریم نگر 582 اور محبوب نگر 712 درخواستیں داخل کی گئیں۔