شادی مبارک اسکیم کیلئے دفتر ’سیاست‘ میں ہلپ ڈسک

سرٹیفیکٹس اور درخواستوں کے ادخال کیلئے رہنمائی‘ ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی کا اظہار تشکر
حیدرآباد۔24۔نومبر (سیاست نیوز) غریب اقلیتی خاندانوں کی لڑکیوں کی شادی کے موقع پر امداد سے متعلق شادی مبارک اسکیم سے استفادہ کیلئے روزنامہ سیاست نے ہیلپ ڈسک کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ احاطہ دفتر روزنامہ سیاست نے یہ ہیلپ ڈسک قائم کیا گیا جہاں نہ صرف اسکیم سے استفادہ کیلئے رہنمائی کی جارہی ہے بلکہ آن لائین درخواستوں کے ادخال کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی نے روزنامہ سیاست کی اس مساعی کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ جس طرح اسکالرشپ اور دیگر شعبوںمیں روزنامہ سیاست خدمات انجام دے رہا ہے ، اسی طرح شادی مبارک اسکیم کے سلسلہ میں اقلیتوں کی رہنمائی قابل قدر ہے۔ انہوںنے کہا کہ اس اسکیم سے آئندہ چار ماہ میں حکومت 20,000 سے زائد غریب خاندانوں کو فائدہ پہنچانا چاہتی ہے۔ انہوں نے جناب زاہد علی خاں سے اظہار تشکر کیا اور امید ظاہر کی کہ اقلیتی غریب خاندان اس اسکیم سے بہتر طور پر استفادہ کرتے ہوئے لڑکیوں کی شادی کے مسئلہ کو حل کریں گے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ اقلیتوں میں لڑکیوں کی شادی ایک اہم مسئلہ بن چکی ہے اور جہیز اور لین دین کی لعنت نے والدین کیلئے مسائل میں اضافہ کردیا ۔ ان حالات میں چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے اس منفرد اسکیم کے آغاز کا فیصلہ کیا تاکہ شادیوں کا مسئلہ حل ہو اور اس رقم سے غریب خاندان چھوٹے کاروبار کے آغاز کے ذریعہ خود مکتفی بن سکیں۔ شادی مبارک اسکیم کے سلسلہ میں عوام میں شعور بیداری کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ دیگر غیر سرکاری اداروں کو سیاست کی تقلید کرتے ہوئے عوام کی رہنمائی کیلئے آگے آنا چاہئے ۔ سیاست ہیلپ ڈسک پر اسکیم کیلئے درکار سرٹیفکٹس اور ان کے حصول کے طریقہ کے سلسلہ میں بھی مکمل رہنمائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کی شرائط انتہائی آسان ہے اور چند دستاویزات کی پیشکشی کے ذریعہ کوئی بھی غریب خاندان امداد کا مستحق بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انکم اور کاسٹ سرٹیفکٹ کے علاوہ لڑکی کی عمر کے بارے میں سرٹیفکٹ پیش کرنا کافی ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر کو تجویز پیش کی کہ شادی مبارک اسکیم پر امداد کے طریقہ کار میں کسی قدر تبدیلی کی جائے ۔ شادی سے قبل 25 ہزار روپئے ادا کئے جائیں تاکہ اخراجات کی پابجائی ہو ، پھر شادی کے بعد 26 ہزار روپئے جاری کئے جائیں جس سے کوئی نیا کاروبار شروع کیا جاسکے۔ محمود علی نے کہا کہ بجٹ میں 105 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں جس سے 20850 غریب خاندانوں کو امداد دی جاسکتی ہے ۔ حکومت چار ماہ میں اس اسکیم پر عمل آوری کو یقینی بنانے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کلکٹرس کے ساتھ بہت جلد اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں سرٹیفکٹ کی اجرائی کے سلسلہ میں ہدایات جاری کی جائیں گی۔ ایم آر اوز اور آر ڈی اوز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ آسانی کے ساتھ سرٹیفکٹ جاری کریں۔ ڈپٹی چیف منسٹر اسکیم پر عمل آوری کا جائزہ لینے کیلئے اسمبلی اجلاس کے بعد اضلاع کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کیلئے آئندہ سال بجٹ میں اضافہ کیا جائے گا۔ سیاست ہیلپ ڈسک پر ضعیفوں ، بیواؤں اور معذور افراد کو پینشن کے حصول کے سلسلہ میں رہنمائی کا انتظام کیا گیا ہے۔