سنگاریڈی میں مستحق 26 لڑکیوں میں 23.97 لاکھ روپئے کی تقسیم
حیدرآبادیکم جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے غریب مسلم لڑکیوں کی شادیوں کیلئے مالی امداد فراہم کرنے کی غرض سے شروع کردہ شادی مبارک اسکیم کا آج سے ضلع میدک میں عملاً آغاز ہوگیا جدید کلکٹریٹ بلڈنگ کے آڈیٹوریم سنگاریڈی میں منعقدہ تقریب میں مسٹر ٹی ہریش راو ریاستی وزیر آبپاشی و امور مقننہ شادی مبارک اسکیم کے تحت 26 اہل لڑکیوں میں 23 لاکھ 97 ہزار روپئے تقسیم کئے اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے ریاستی وزیر مسٹر ٹی ہریش راو نے کہا کہ شادی مبارک اسکیم ٹی آر ایس پارٹی کا انتخابی وعدہ نہیں ہے لیکن چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے غریب عوام کے مسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے شادیوں کیلئے مالی امداد فراہم کرنے کیلئے اس اسکیم کو منظوری دی ۔ شادی مبارک اسکیم کے تحت فی کس 51 ہزار روپئے منظور کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے شادی مبارک اسکیم کیلئے 100 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں اقلیتی قائدین اور تنظیموں کی ذمہ داری ہے کہ اس اسکیم کی زیادہ سے زیادہ تشہیر کرتے ہوئے اسکیم کیلئے مختص کردہ مکمل 100 کروڑ روپئے سے استفادہ کریں شادی مبارک اسکیم سے متعلق معلومات دیہی علاقوں کے غریب اقلیتوں تک پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت ایس سی اور ایس ٹی طبقات کی لڑکیوں کی شادی کیلئے کلیانہ لکشمی اسکیم شروع کرتے ہوئے اس کیلئے بھی 100 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں ۔