حیدرآباد ۔ 19 ۔ نومبر : ( راست ) : صحافت جمہوری نظام کا چوتھا ستون ہے جو عاملہ ، عدلیہ اور مقننہ پر تنقیدی نظر رکھتا ہے اگر یہ تنقید سیاسی بغض و عناد سے پاک اور تعمیری نکتہ نظر سے ہو تو صحافت کے اعلیٰ اقدار کی پاسداری ہوتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی نے جلسہ تہنیت اور تشکر کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ، جس کا اہتمام ساوتھ انڈیا اسمال اینڈ میڈیم نیوز پیپرس اسوسی ایشن کی طرف سے تلگو یونیورسٹی اڈیٹوریم باغ عامہ میں کیا گیا تھا ۔ اسوسی ایشن کی طرف سے تہنیت جناب محمد محمود علی اور اسوسی ایشن کے صدر جناب کاظم علی خاں صدر امبیڈکر نیشنل کانگریس کو پیش کی گئی کہ ان حضرات نے اس سال حج اکبر کی سعادت حاصل کی اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا شکریہ ادا کیا گیا کہ حکومت نے اردو کو ریاست کی دوسری سرکاری زبان کا درجہ دیا ہے اور مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش کو اقلیتی یوم قرار دیا ہے ۔ جناب محمد محمود علی نے کہا کہ حج یا حج اکبر اتنی بڑی نعمت ہے کہ حاجی کسی دینوی تہنیت و مبارک باد کا متمنی نہیں رہتا لیکن ہماری روایت ہے کہ ہم انہیں مبارکباد دینا اپنے لیے باعث برکت سمجھتے ہیں ۔ اگر کسی صحافتی انجمن کی طرف سے اس بات کا اہتمام کیا جائے تو یہ اور بھی لائق ستائش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اردو کی ترقی اور اقلیتوں کی فلاح و بہبود کو چیف منسٹر حکومت کا فرض سمجھتے ہیں ۔ اس سلسلے میں شادی مبارک اسکیم متعارف کی گئی اور ہزاروں شادیوں کا پروگرام ہے لیکن جہاں اضلاع سے اس کے لیے بہت زیادہ درخواستیں وصول ہوئی ہیں وہیں شہر حیدرآباد بہت پیچھے ہے ۔ انہوں نے میڈیا کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت کی فلاحی اسکیموں کی زیادہ سے زیادہ تشہیر کریں ۔ اس سلسلے میں انہوں نے چھوٹے اور متوسط اخباروں کے رول کی تعریف کی اور کہا کہ اشتہاروں اور دوسری سہولتوں کے سلسلے میں حکومت ان سے پورا پورا انصاف کرے گی ۔
پروفیسر ایس اے شکور ایم ڈی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن اور سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی نے اکیڈیمی کی سرگرمیوں پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اردو اخبارات کو سالانہ امداد کے علاوہ اشتہارات بھی دئیے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت میں نئی اسکیموں کی شروعات ہوں گی ۔ جناب محمد کاظم علی خاں نے کہا کہ جناب محمد محمود علی جیسے ہمدرد اور انسانیت دوست سیاست داں صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسوسی ایشن نے صحافیوں کے مسائل کے تعلق سے اور خصوصا مکانوں کی تعمیر کے لیے زمین الاٹ کرنے کے سلسلے میں ایک نمائندگی ڈپٹی چیف منسٹر سے کی ہے ۔ اس پر وہ چیف منسٹر آفس سے مثبت ردعمل حاصل کریں گے ۔ جنرل سکریٹری جناب ہادی رحیل ،
سینئیر صحافی جناب شوکت علی صوفی اور دوسروں نے مخاطب کیا ۔ جناب یوسف الدین یوسف نے نعت کا نذرانہ پیش کیا جب کہ جناب امان علی ثاقب نے تہنیت اور جناب شفیع اقبال نے غزل پیش کی ۔ جناب احمد صدیقی مکیش نے شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر اسوسی ایشن کے عہدیداروں کے علاوہ کئی دوسری انجمنوں کے ذمہ داروں نے بھی جناب محمد محمود علی اور جناب کاظم علی خاں کو گلدستے پیش کئے اور شال پوشی کی ۔ ان میں امبیڈکر نیشنل کانگریس کے کل ہند جنرل سکریٹریز مسرس کرار علی خاں ، کے گٹیا کے علاوہ اسوسی ایشن کے عہدیدار شیخ اسماعیل ، خیرات علی ، خواجہ علیم الدین ، ممتاز محمد ، محمد سمیع الدین اور سہیل افتخار قابل ذکر ہیں ۔۔