حیدرآباد۔/21اپریل، ( سیاست نیوز) محکمہ فینانس نے شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیمات کو گرین چینل میں برقرار رکھنے کا تیقن دیا ہے۔ اس طرح ان دونوں اسکیمات کی منظورہ درخواستوں کیلئے امدادی رقم کی اجرائی میں سہولت ہوگی۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے بتایا کہ شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیم کو ٹریژری ڈپارٹمنٹ کی جانب سے اپریل کے پہلے ہفتہ سے قبول نہیں کیا جارہا تھا۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود نے محکمہ فینانس کو 10اپریل کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ٹریژری ڈپارٹمنٹ کو ہدایت دینے کی درخواست کی کہ شادی مبارک اسکیم کی منظورہ درخواستوں کی امدادی رقم گرین چینل کے ذریعہ جاری کی جائے۔ محکمہ فینانس نے 18اپریل کو مکتوب روانہ کیا جس میں وضاحت کی گئی کہ شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیمات کو حکومت کے احکامات کے مطابق گرین چینل میں رکھا گیا ہے اور اس سلسلہ میں ہر سال نئے احکامات کی اجرائی کی ضرورت نہیں۔ محکمہ نے ٹریژری ڈپارٹمنٹ کو مشورہ دیا کہ وہ شادی مبارک کی درخواستوں کو قبول کرتے ہوئے رقم کو گرین چینل کے ذریعہ منظوری دے۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے آج ڈائرکٹر اقلیتی بہبود اور تمام ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسرس کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ہدایت دی کہ وہ تمام منظورہ درخواستوں کو ٹریژری سے رجوع کرتے ہوئے رقومات کی اجرائی کو یقینی بنائیں۔ اسی دوران تقریباً 3000 سے زائد درخواستیں منظوری کے بعد رقم کی اجرائی کی منتظر ہیں۔ دیکھنا یہ ہے کہ ٹریژری ڈپارٹمنٹ محکمہ فینانس کی ہدایت پر کس حد تک عمل کرے گا تاکہ منظورہ درخواستوں کیلئے فوری امدادی رقم جاری کی جاسکے۔