علماء ، دانشوروں اور معزز شخصیتوں سے مشاورت کا آغاز ، جناب زاہد علی خاں سرپرستی کریں گے
حیدرآباد۔ 22 فروری(راست) تحریک مسلم شبان کے زیراہتمام ’’شادیوں میں ایک کھانا ، ایک میٹھا‘‘ کی مہم کے افتتاحی اجلاس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ علمائے کرام، مشائخین سے راست ربط اور دعوت نامے جاری کئے گئے ہیں۔ جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان کی نگرانی میں علاقہ واری معززین مساجد کمیٹیوں کے ذمہ دار، خطیب حضرات سے گفتگو اور گروپ میٹنگس جاری ہیں۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست افتتاحی اجلاس جو یکم مارچ 2015ء بروز اتوار صبح 10:30 بجے دن مسجد حسینی وجئے نگر کالونی، ملے پلی آئی ٹی آئی کے روبرو منعقد شدنی ہے ، کے سرپرست ہوں گے۔ جناب محمد مشتاق ملک نے کل جامعہ نظامیہ میں علمائے کرام بالخصوص حضرت مولانا مفتی خلیل احمد صاحب سے ملاقات کی مہم کے تعلق سے آگاہ کیا۔ مفتی عظیم الدین صاحب نے بھی اس مہم کو سراہا۔ ملت کی تمام تنظیموں، اداروں، انجمنوں اور سرگرم معززین کو اس افتتاحی اجلاس میں مدعو کیا جارہا ہے۔ جناب ایم اے باسط سابق صدرنشین بلدیہ کی سرکردگی میں گلشن اقبال کالونی مسجد کے معززین اس مہم کی کامیابی کیلئے صدر مسلم شبان سے ملاقات کی۔ ٹولی چوکی، ایراگڈہ، سلطان نگر، دارالشفاء کالی قبر کے نوجوانوں اور معززین اس مہم کیلئے اپنی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے عہد کیا۔ جناب محمد مشتاق ملک نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شادیوں میں ایک کھانا ایک میٹھا ملت کے ہر ذی شعور فرد کی آواز ہے، کیونکہ اسراف کے خلاف اسلام ہے۔ محمد عربیؐ کی تعلیمات سادگی کی ہیں۔ سود اور قرض کی لعنتوں سے محفوظ رہنے کیلئے شادیوں میں ایک کھانا ایک میٹھا کا عمل شروع کرنے کی ضرورت ہے۔ سودی قرضوں اور مکانات کو رہن رکھا جارہا ہے۔ شادیوں میں جھوٹی شان و شوکت کے مظاہرے کئے جارہے ہیں اور دسترخوانوں پر 20 تا 25 فیصد کھانا ضائع ہورہا ہے۔ اللہ کے پاس عذاب کے مستحق وہ ہیں، جو کھانے کی عزت نہیں کرتے تحریک مسلم شبان کی یہ مہم اخلاص اور للہیت کے ساتھ شروع کی جارہی ہے، اس کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کا رکن جدوجہد کررہے ہیں۔ جناب مسکین احمد سدی پیٹ بھی اس موقع پر موجود تھے اور مہم کی کامیابی کیلئے جناب زاہد علی خاں صاحب کی سرپرستی اور شبان کے کارکنوں کی مساعی کا تذکرہ کیا۔ جناب مسکین احمد سدی پیٹ افتتاحی اجلاس جو یکم مارچ کو منعقد ہوگا، اس کمیٹی کے رکن ہیں۔