قرض و سود کی لعنت میں بے تحاشہ اضافہ، ایک کھانا ایک میٹھا مہم کے جلسہ عام سے جناب محمد مشتاق ملک کا خطاب
حیدرآباد 22 مارچ (پریس نوٹ) شادی میں ایک کھانا ایک میٹھا مہم غریب و متوسط مسلمانوں کو قرض اور سود سے بچانے کیلئے ہے۔ شہر حیدرآباد اور اضلاع تلنگانہ میں اس مہم کا پرجوش خیرمقدم کیا جارہا ہے۔ بہت سی شادیاں اس مہم پر عمل کرتے ہوئے کی جارہی ہے۔ تحریک مسلم شبان کے زیراہتمام جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کی سرپرستی میں شادی میں ایک کھانا ایک میٹھا مہم کمیٹی اس مہم کو چلارہی ہے۔ آج صنعت نگر کے پریم نگر علاقہ میں اس مہم کا جلسہ عام جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں کثیر تعداد میں مسلمانوں نے شرکت کی۔ جناب محمد مشتاق ملک نے صدارتی خطاب میں کہاکہ جھوٹی شان و شوکت کے مظاہروں کا چلن ہماری شادیوں کا حصہ بن گیا ہے جس سے غریب اور متوسط مسلمان پریشانی کا شکار ہیں۔ مکانات رہن رکھے جارہے ہیں۔ بھاری سود کی وجہ سے پورا خاندان پریشانی کا شکار ہورہا ہے۔ شادی کو مشکل بنانے سے مسلم لڑکیاں غیر مسلم لڑکوں کے ساتھ منادر میں شادی کررہی ہیں۔ آریہ سماج مندر اور رجسٹرار آفس میں کورٹ میاریجس ہندو لڑکوں کے ساتھ ہورہی ہیں اس کو روکنے کے لئے پہلے مرحلہ میں شادی میں ایک کھانا ایک میٹھا کی مہم شروع کی گئی ہے۔ نوجوان و بزرگ سبھی اس مہم کا خیرمقدم کررہے ہیں۔ جناب محمد مشتاق ملک نے کہاکہ علاقہ واری کمیٹیاں بنائی جارہی ہیں اور محلہ واری سطح پر اس مہم کو چلایا جارہا ہے۔ بھاری تعداد میں ورقیے تقسیم کئے جارہے ہیں۔ راست رابطہ کا کام زور و شور سے جاری ہے۔ جناب محمد مشتاق ملک نے اپنے خطاب میں مزید کہاکہ دولت کے ذریعہ شان و شوکت کے اظہار کو اسلام نے منع فرمایا ہے۔ دولت مند غریب کو غربت کا احساس نہ دلائیں شادیوں کو سادگی سے کریں تاکہ معاشرے میں یکسانیت پیدا ہو۔ مولانا سید حامد حسین شطاری سنی علماء بورڈ نے جلسہ عام کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اسلام نے معاشرہ میں یکسانیت کو پیدا کرنے پر زور دیا۔ مسابقت نیکی اور دین میں ہونی چاہئے، شادیوں میں نہیں۔ جناب علاؤالدین انصاری ایڈوکیٹ نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ Self Control پیدا کریں۔ ایک کھانا ایک میٹھا مہم وقت کی ضرورت ہے۔ ملت کے بہت سے مسائل کا حل اس مہم میں پوشیدہ ہے۔ مولانا حافظ خالد علی خان قادری کی قرأت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ مفتی محمد منظور احمد عثمانی نے کہاکہ برائی کو ہاتھ سے روکنے کا حکم ہے۔ اگر ایمان کمزور ہے تو دل میں اس کو بُرا جانیں مگر آج برائی کو برائی نہیں جانا جارہا ہے۔ معاشی طور پر استحکام کیلئے ایک کھانا ایک میٹھا مہم اہم ہے۔ جناب محمد رحیم اللہ خاں نیازی سابق صدر اردو اکیڈیمی نے مہم کی اہمیت پر زور دیا۔ جناب ارشد حسین عام آدمی پارٹی نے شادیوں میں اسراف کے خلاف اس مہم کے ساتھ حکومت سے بھی نمائندگی اور Guest کنٹرول ایکٹ پر عمل آوری پر زور دیا۔ جلسہ عام میں شہ نشین پر جناب ایم اے غفار، جناب عبدالحمید شوکت، جناب دستگیر، جناب عبیدالرحمن، جناب مسکین احمد، جناب محمد محبوب، جناب سرفراز مرکزی مہم کمیٹی کے اراکین کے علاوہ مقامی کمیٹی کے جناب محمد مشتاق، جناب محمد احمد، شیخ اکبر، محمد غوث الدین، سید رسول، شیخ اسماعیل، محمد غوث پاشاہ، محمد غوث الدین وغیرہ موجود تھے۔ حاضرین جلسہ سے جناب محمد مشتاق ملک نے اس موقع پر ہاتھ اُٹھاواکر عہد لیا۔ مولانا سید حامد حسین شطاری کی دعا اور جناب خالد علی خان قادری کے شکریہ پر یہ جلسہ اختتام کو پہنچا۔ جناب محمد مشتاق کنوینر صنعت نگر ایرہ گڈہ کمیٹی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔