س80 سالہ شخص کمسن محبوبہ پر تیزاب پھینکنے کا مجرم قرار

لندن ۔ 15 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک 80سالہ شخص کوگزشتہ اپریل میں اپنی سابقہ کمسن محبوبہ وکی ہارسمین کو جو اس وقت صرف 19سال کی تھی پر تیزاب پھینک کر اسے شدید جسمانی نقصان پہنچانے کامجرم قرار دے دیاگیا، ملزم محمد رفیق نیوولورہیمپٹن کرائون کورٹ میں مقدمے کی سماعت کے دوران 20سالہ وکی ہارس مین کوبری طرح جسمانی نقصان پہنچانے کے الزام کی تردید کی تھی لیکن شواہد کی بنیاد پر اسے مجرم قرار دے دیاگیا۔عدالت نے ملزم کے ساتھی 23سالہ شینون ہیپس اور25سالہ سٹیون ہولمز کو بھی جرم کی منصوبہ بندی کامجرم قرار دیاگیا اب جمعہ19 دسمبر کو ملزمان کو سزا سنائی جائے گی۔عدالت کو مقدمے کی سماعت کے دوران بتایاگیا کہ وکی ہارسمین کے جب وہ18 سال کی تھی ملزم رفیق سے تعلقات قائم ہوگئے تھے لیکن جب اس نے رفیق سے تعلقات ختم کئے تو وہ مشتعل ہوگیا اور اس نے وکی پر تیزاب پھینکنے کیلئے ہیپس اورہولمز کی خدمات حاصل کیں ،15اپریل کو جب وکی نے گھر کادروازہ کھولا تو ایک نقاب پوش شخص کو موجود پایا جس نے اس کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا ،جس کے نتیجے میں اس کاچہرہ، کندھا، اور پیر کا اوپری حصہ بری طرح جھلس گیا۔پولیس کے مطابق اس حملے کے نتیجے میں کچھ تیزاب ملزم رفیق پر بھی گرا اور وہ بھی معمولی زخمی ہوا ابتدا میں ملزم رفیق کو بھی متاثرہ شخص تصور کیاگیاتھا لیکن بعد میں بھید کھلنے پر اسے چارج کیا گیا۔