س5سال میں 10لاکھ مکانات کی تعمیر

ایک مکان پر ساڑھے چار لاکھ روپئے مصارف کا تخمینہ : اندرا کرن ریڈی
حیدرآباد۔5جنوری ( سیاست نیوز)ریاست تلنگانہ کے غریب عوام کیلئے آئندہ پانچ سال کے دوران 10لاکھ مکانات تعمیر کروائے جائیں گے اور انتخابی منشور میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی جانب سے کئے گئے وعدے کے مطابق دو کمروں پر مشتمل مکانات تعمیر کروانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ آج یہاں سکریٹریٹ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر امکنہ و قانون حکومت تلنگانہ مسٹر اندرا کرن ریڈی نے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ ابتدائی تخمینہ کے مطابق ایک مکان کی تعمیر پر تقریباً ساڑھے تین لاکھ روپئے کی لاگت آنے کا خیال ظاہر کیا گیا تھا لیکن موجودہ گرانی اور قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے ایک مکان کی لاگت ساڑھے چار لاکھ روپئے ہونے کا تخمینہ کیا جارہا ہے تاہم اضافہ شدہ لاگت ( مصارف) سے متعلق چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے بات چیت کے ذریعہ امکنہ جات کی تعمیر کیلئے کوئی قطعی فیصلہ بہت جلد کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہر اسمبلی حلقہ کیلئے کم از کم ایک ہزار مکانات تعمیر کرنے کا تہیہہ کیا گیا اور جہاں کہیں سرکاری اراضی دستیاب ہو وہاں پر مستحق واہل غریب عوام کیلئے دو کمروں پر مشتمل مکان تعمیر کروایا جائے گا اور جہاں ضرورت محسوس ہو وہاں پر خانگی اراضیات کی خریدی کے ذریعہ مکانات تعمیر کروائے جائیں گے ۔ وزیر امکنہ و قانون مسٹر اندرا کرن ریڈی نے اندراماں امکنہ جات سے متعلق پائی جانے والی مبینہ بے قاعدگیوں کی سی آئی ڈی کے ذریعہ مکمل تحقیقات جاری ہیں ۔ تحقیقاتی رپورٹ وصول ہونے کے فوری بعد اس رپورٹ کا جائزہ لینے کیلئے کُل اجلاس طلب کرکے بے قاعدگیوں میں ملوث پائے جانے والے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرنے اقدامات کئے جائیں گے۔