کیرالا میں بی جے پی ۔ آر ایس ایس ورکرس کی سیاسی تشدد میں ہلاکت تشویشناک ، امیت شاہ کا بیان
پیانور (کیرالا)۔ 3 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی سربراہ امیت شاہ نے آج اعلان کیا کہ سی پی آئی (ایم) کے خلاف تمام ریاستی دارالحکومت شہروں میں پدیاترا نکالی جائے گی، کیونکہ ان کی پارٹی کے ورکرس کو نشانہ بنایا جارہا ہے، اور چیف منسٹر کیرالا پی وجین پر سوال اٹھایا کہ انہیں اپنی ریاست میں سیاسی تشدد کے بارے میں اپنے موقف کا اظہار کرنا چاہئے۔ صدر کیرالا بی جے پی کے راج شیکھرن کی قیادت میں شمالی کیرالا کے اس ٹاؤن میں ’جن رکشا یاترا‘ کا آغاز کرتے ہوئے امیت شاہ نے بائیں بازو کی حکمرانی والی اس ریاست میں بی جے پی اور آر ایس ایس ورکرس کے خلاف سی پی آئی (ایم) کارکنوں کی جانب سے آزادانہ ’’سیاسی تشدد‘‘ کے مسئلہ پر انسانی حقوق جہد کاروںکی خاموشی پر بھی سوال اٹھایا۔ امیت شاہ نے کہا کہ صرف یہی ایک ضلع 84 سے زیادہ بی جے پی اور آر ایس ایس ورکرس ہلاک کئے جاچکے ہیں اور میں پی وجین سے جاننا چاہتا ہوں کہ اس ریاست میں انہیں کس نے ہلاک کیا۔ اگر ان کے پاس جواب نہیں ہے تو میں کہوں کہ چیف منسٹر وجین ان ہلاکتوں کے ذمہ دار ہیں۔ امیت شاہ نے ریاست میں پیش آئے سیاسی تشدد میں ہلاک بعض آر ایس ایس۔ بی جے پی ورکرس کے ارکان خاندان سے ملاقات کی اور کہا کہ 11 کروڑ بی جے پی ورکرس ان کے ساتھ ہیں جو اس مشن کو آگے بڑھائیں گے تاکہ بہتر سماج کی تعمیر کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کیرالا سیاسی ہلاکتوں کے خلاف ’پدیاترا‘ مہم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کل سے تمام ریاستی دارالحکومت شہروں میں یہ مہم چلائی جائے گی، یہاں تک کہ راج شیکھرن اپنی 15 روزہ یاترا کا تھرواننتاپورم میں اختتام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر سے کنیا کماری تک اور گجرات سے آسام تک بی جے پی ورکرس ہر ریاستی دارالحکومت میں پدیاترا منعقد کرتے ہوئے مارکسسٹ تشدد کے خلاف احتجاج درج کرائیں گے۔ بی جے پی ورکرس نئی دہلی میں سی پی آئی (ایم) کی طرف احتجاجی مارچ نکالیں گے اور وہاں دھرنا منظم کریں گے۔