سی پی آئی قیادت میں آئندہ ماہ تبدیلی ‘ سدھاکر ریڈی مستعفی ہونگے

حیدرآباد 4 جون ( پی ٹی آئی ) سی پی آئی کی قیادت میں آئندہ مہینے تبدیلی ہوگی اور اس کے جنرل سکریٹری سدھاکر ریڈی نے صحت کی بنیادوں پر مستعفی ہوجانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وہ سات سال تک اس عہدہ پر فائز رہے ۔ پارٹی ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ سدھاکر ریڈی نے 31 مارچ 2012 کو یہ عہدہ سنبھالا تھا ۔ 77 سالہ ایس سدھاکر ریڈی پارٹی جنرل سکریٹری عہدہ کی تیسری معیاد میں کام کر رہے ہیں جو 2021 میں ختم ہونے والی تھی ۔ امکان ہے کہ وہ 20 جولائی کو دہلی میں ہونے والی قومی کونسل کی میٹنگ میں اپنے استعفی کا اعلان کرینگے ۔ سی پی آئی کے ایک سینئر لیڈر نے کہا کہ سدھاکر ریڈی اپنے استعفے اور سبکدوشی کے فیصلے پر اٹل ہیں اور میٹنگ میں اس کا اعلان کردینگے ۔ ان کے جانشین کے طور پر سکریٹری ڈی راجہ ‘ اے آئی ٹی یو سی کے سکریٹری امرجیت کور اور کیرالا سکریٹری کے راجیندرن کے نام لئے جارہے ہیں۔

Leave a Comment