سی بی آئی کی بوفورس رشوت ستانی درخواست کی عدالت سے واپس طلبی

مزید کارروائی کے فیصلہ کی تیاری ، عدالت کا اظہار لاعلمی
نئی دہلی ۔ 16مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) سی بی آئی نے پنجشنبہ کو دہلی کی عدالت سے بوفورس کے 64کروڑ کے رشوت ستانی کے معاملہ کی چھان بین کی اجازت کی اپنی درخواست واپس لے لی ہے ۔ سی بی آئی نے چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ نوین کمار کیشپ سے کہا کہ اس نے یکم فبروری 2018ء کو جو درخواست ( بوفورس کے سلسلہ میں) داخل کی تھی اسے واپس لینا چاہتی ہے ۔اس نے اس مقدمہ سے متعلق عدالت سے رجوع ہوکر بوفورس کے معاملہ میں مزید تحقیقات کی اجازت یہ کہہ کرمانگی تھی کہ اسے اس کیس میں نیا مواد اور نئے ثبوت حاصل ہوئے ہیں ۔ سی بی آئی نے پنجشنبہ کو عدالت میں ایک درخواست داخل کی جس میں کہا گیا کہ اس سلسلہ میں مزید کاروائی کا فیصلہ بعد ازاں کیا جائے گا ۔ فی الحال اس نے اپنی درخواست واپس لینے کی خواہش ظاہر کی ۔ سی بی آئی کے موقف کا جائزہ لیتے ہوئے جج نے کہا کہ سی بی آئی نے اپنی بعض وجوہات کے باعث جن کا علم صرف اسے ہی ہوسکتا ہے عدالت ہذا نے اپنی درخواست واپس لینی چاہی ہے ۔ اسے اس کا حق حاصل ہے اس لئے کہ خود اس نے ہی یہ درخوسات داخل کی تھی ۔ 4 ڈسمبر 2018ء کو عدالت نے سی بی آئی سے دریافت کیا تھا کہ کیوں اسے بوفورس کے معاملہ میں مزید تحقیقات کی ضرورت لاحق ہوگئی ہے ، سی بی آئی نے 2فبروری 2018 کو سپریم کورٹ میں بھی ایک درخواست داخل کی تھی ۔