مودی حکومت نے سماج میں نفرت کا زہرگھول دیا، نلگنڈہ میں اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔/6 اپریل، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اور امیدوار حلقہ لوک سبھا نلگنڈہ اتم کمار ریڈی نے اقلیتوں سے اپیل کی کہ وہ ملک میں سیکولرازم اور جمہوریت کے تحفظ کیلئے راہول گاندھی کو وزیر اعظم بنانے میں مدد کریں۔ اتم کمار ریڈی نے آج نلگنڈہ میں اقلیتوں کے جلسہ عام سے خطاب کیا۔ جلسہ عام میں اقلیتوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور تائید کا یقین دلایا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ مرکز میں نریندر مودی کی زیر قیادت بی جے پی حکومت نے سیکولرازم اور جمہوریت کے اصولوں کو فراموش کرتے ہوئے عوام کو مذہبی اساس پر منقسم کردیا ہے۔ سماج میں نفرت کے جذبات کو فروغ دیتے ہوئے روایتی بھائی چارہ اور رواداری کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مودی حکومت دوبارہ برسراقتدار آتی ہے تو وہ اقلیتوں پر مظالم میں مزید اضافہ کردے گی۔ شریعت میں مداخلت کی سازش کی جارہی ہے جسے کانگریس نے ناکام بنادیا۔ طلاق ثلاثہ بل کو کانگریس نے راجیہ سبھا میں منظوری سے روک دیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے ہجومی تشدد کے نام پر مسلمانوں کو نشانہ بنانے کے واقعات کا حوالہ دیا اور کہا کہ بی جے پی حکومت میں مسلمان عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ نریندرمودی حکومت کو تبدیل کرنے کی طاقت صرف کانگریس پارٹی میں ہے اور ہمیں چاہیئے کہ راہول گاندھی کے ہاتھ مضبوط کریں۔ انہوں نے اقلیتوں سے اپیل کی کہ وہ کانگریس کی بھرپور تائید کرتے ہوئے راہول گاندھی کو وزیر اعظم بنانے میں اپنی حصہ داری ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے غریبوں کیلئے منفرد اسکیم کا اعلان کیا ہے جس کے تحت ہر غریب شخص کو ماہانہ 6 ہزار روپئے بینک اکاؤنٹ میں جمع کئے جائیں جو سالانہ 72 ہزار روپئے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نلگنڈہ کے رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے عوامی خدمات کیلئے خود کو وقف کردیں گے۔ جلسہ عام میں ضلع کے مقامی کانگریس قائدین نے شرکت کی۔