سیکشن 8 پر عمل آوری کا مطالبہ سیاسی مقصد براری کے مترادف

تلنگانہ میں رائلسیما کے لوگ محفوظ، جسٹس لکشمن ریڈی، ہنمنت ریڈی اور جگن موہن کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 21 جون (سیاست نیوز) گریٹر رائلسیما اسوسی ایشن آف تلنگانہ نے حکومت آندھراپردیش کی جانب سے سیکشن (8) سے متعلق اُٹھائے گئے مسئلہ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اس مسئلہ کو سیاسی مقصد براری سے تعبیر کیا ہے۔ یہ بات آج یہاں گریٹر رائلسیما اسوسی ایشن آف تلنگانہ قائدین جسٹس لکشمن ریڈی، مسٹر ہنمنت ریڈی، مسٹر جگن موہن نے پریس کانفرنس کے دوران بتائی۔ اُنھوں نے بتایا کہ تلنگانہ کی تقسیم عمل میں آکر ایک سال سے زائد کا عرصہ ہوچکا ہے لیکن تاہم ریاست میں قیام پذیر رائلسیما کے عوام کے ساتھ حکومت تلنگانہ نے کوئی ظلم و ستم نہیں کیا اور انھیں حکومت کی جانب سے حسب ضرورت مکمل تحفظ فراہم کیا جارہا ہے۔ سیما اور تلنگانہ عوام میں خوشگوار دوستانہ تعلقات اور باہمی تعاون برقرار ہے اور حیدرآباد میں مقیم رائلسیما عوام بالکلیہ محفوظ اور امن و امان کے ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں۔ نہ ہی انھیں حکومت تلنگانہ یا تلنگانہ کے عوام سے کوئی خطرہ ہے بلکہ خوشحال ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ حکومت آندھراپردیش کو ایک سال سے سیکشن (8) سے متعلق کوئی خیال نہیں آیا لیکن جوں ہی نوٹ برائے ووٹ اسکام واقعہ کے راز کا افشاء ہوا حکومت آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے تلگودیشم قائدین عوام کی توجہ ہٹانے کی غرض سے سیکشن (8) مسئلہ پر شور مچارہے ہیں جو ایک غیر دستوری عمل ہے۔ انھوں نے کہاکہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں چاہے وہ کتنے ہی اعلیٰ رتبہ کی حامل شخصیت کیوں نہ ہو۔ انھوں نے بتایا کہ سیکشن (8) مسئلہ ایک سیاسی مفاد پرستی پر مبنی تنازعہ ہے جس کا رائلسیما عوام اور تلنگانہ عوام کی یکجہتی میں دراڑ پیدا کرنے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انھوں نے بتایا کہ جرم چاہے چھوٹا ہو یا بڑا ہو جرم ہی ہے اور تحقیقاتی ٹیم کو تحقیقات میں تعاون کرنا چاہئے۔ اس موقع پر اسوسی ایشن قائدین بھوپتی ریڈی، رادھا کرشنا، محمد قدوس، کودنڈا ریڈی، سدانندا اور دیگر موجود تھے۔