سیکس ریاکٹ معاملہ پر ستیہ پال سنگھ کا تحقیقات کا مطالبہ

ممبئی 3 جون (سیاست ڈاٹ کام )بی جے پی ایم پی و ممبئی پولیس کے سابق سربراہ ستیہ پال سنگھ نے آج ان کے اس فلیٹ سے جو مضافاتی علاقہ اندھیری میں واقع ہے جو انہوں نے کچھ عرصہ قبل کرائے پر دیا تھا اور جہاں مبینہ طور پر فحاشی کا اڈہ چلایا جارہا تھا، اس معاملہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کروائے جانے کی استدعا کی ۔ اس سلسلہ میں انہوںنے سٹی پولیس کمشنر راکیش ماریا سے بھی ملاقات کی اور خواہش ظاہر کی کہ اس معاملہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کیلئے وہ (ماریا) اپنا تعاون پیش کریں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ان کیلئے انتہائی صدمہ کی بات ہے کہ انہوں نے ایک مشہور و معروف کمپنی کو اپنا فلیٹ کرایہ پر دیا اور برسوں اس کی خبر نہیںلی لیکن پولیس کے دھاوے کے بعد منفی انداز میں جو خبریں سامنے آئی ہیں وہ چونکا دینے والی ہیں۔

بی ایس این ایل صدر نشین کی میعاد میں توسیع
نئی دہلی 3 جون (سیاست ڈاٹ کام ) حکومت نے بی ایس این ایل صدر نشین و منیجنگ ڈائرکٹر کے اپادھیائے کی مزید توسیع کرکے اسے ماہ جون کے اختتام تک بڑھا دیا ہے کیونکہ اس وقت تک مسٹر اپادھیائے اپنی عمر کے 60 سال کی تکمیل کرلیں گے ۔ ڈپارٹمنٹ آف ٹیلی کام کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ مسٹر اپادھیائے کی میعاد میں جون کے اختتام تک توسیع کی گئی ہے ۔

فسادات متاثرین کو دھوکہ دینے والے کیخلاف پولیس میں شکایت
مظفر نگر۔/3جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) مظفر نگر فساد متاثرین سے جبری پیسے اینٹھنے والے ایک سرپنچ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ۔ سرپنچ نے متاثرین کو وعدہ کیا تھا کہ وہ پیسوں کے عوض رہائشی پلاٹ فراہم کریگا۔کہا گیا کہ سرپنچ نے مختلف لوگوں سے مجموعی طور پر دولاکھ روپئے وصول کئے۔ متاثرین نے امدادی رقم کو پس انداز کیا تھا تاکہ اراضی خرید کرمکان تعمیر کرسکیں۔