حیدرآباد۔ 11 مئی (ایجنسیز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی سیکریٹریٹ کیلئے دوسری کوشش بھی ناکام ہوتی نظر آرہی ہے۔ چیف منسٹر نے پہلے چیسٹ ہاسپٹل کا انتخاب کیا تھا لیکن بدقسمتی سے ان کا یہ خواب کئی وجوہات بشمول سلامتی اعتبار سے ناکام ثابت ہوا۔ اس کے بعد چندر شیکھر راؤ نے بسن پولو گراؤنڈس اور جمخانہ گراؤنڈس کا انتخاب کیا تھا ، تاہم ایسا لگتا ہے کہ ان کا یہ خواب بھی پورا نہیں ہوگا۔ کے سی آر کی وزیر دفاع منوہر پاریکر سے میٹنگ کے باوجود اس کے پورا ہونے کی کوئی اُمید نہیں ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ جمخانہ و پولوگراؤنڈس دفتر حیدرآباد ڈسٹرکٹ اسپورٹس اتھاریٹی کے استعمال میں ہے، حالانکہ متصل کرکٹ گراؤنڈ بھی حیدرآباد کرکٹ بورڈ کے کنٹرول میں ہے۔ مناسب منتقلی کے تعلق سے کوئی پروانہ ابھی ہاتھ نہیں لگا ۔ ایچ سی اے ایڈمنسٹریٹرس کے مطابق کوئی دفتری مراسلت اس سلسلے میں نہیں ہوئی ہے۔