نئی دہلی۔/13مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) سیول سرویس پلیمنری اکزامنیشن کے ایک حصہ کے طور پر ایپی ٹیوٹ ٹسٹ ( طبعی میلان کا امتحان )برقرار ہے گا اور امتحان کے طریقہ کار میں فی الحال کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ سرکاری طور پر آج یہ اطلاع دی گئی اور بتایا گیا کہ ایپی ٹیوٹ امتحان کی ہیت ترکیبی میں تبدیلی کیلئے حکومت بہت جلد ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دے گی۔ ڈپارٹمنٹ آف پرسونل اینڈ ٹریننگ نے ایک اعلامیہ میں بتایا کہ ماہرین کی کمیٹی وقتاً فوقتاًاہلیت، نصاب، اسکیم اور طریقہ کار امتحان کا جائزہ لے کر مشورے دے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں یونین پبلک سرویس کمیشن کے زیر اہتمام منعقدہ سیول سرویس امتحان کے طریقہ کار پر تنازعہ پیدا ہوگیا جب طلباء نے یہ مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا تھا کہ ایپی ٹیوٹ ٹسٹ یا پیپر II میں تبدیلی کی جائے کیونکہ اس امتحان سے زبردست ذہنی تناؤ پیدا ہورہا ہے۔ جبکہ انگریزی زبان کو لازمی قرار دینے سے دیہی علاقوں اور ہندی کا پس منظر رکھنے والے طلبہ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔تاہم حکومت نے یہ قطعی فیصلہ کیا ہے کہ سال 2014کے طریقہ کار کے مطابق 2015 کے سیول سرویس امتحانات منعقد ہوں گے۔