سیول سرویس ٹاپر انودیپ کو چیف منسٹر کا ظہرانہ

تلنگانہ کے لیے فخر کا اعزاز ، نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ، کے سی آر
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے سیول سرویس کے آل انڈیا ٹاپر انودیپ کو ریاست کے لیے فخر اور نوجوان نسل کے لئے مشعل راہ قرار دیتے ہوئے انہیں اور ان کے ارکان خاندان کو پرگتی بھون میں لنچ دیا ۔ واضح رہے کہ گذشتہ ماہ 27 اپریل کو یو پی ایس سی نے سیول 2017 کے نتائج جاری کئے ۔ میٹ پلی کے انودیپ نے سارے ملک میں پہلا مقام حاصل کیا جس پر چیف منسٹر نے ڈی انودیپ اور ان کے ارکان خاندان کو لنچ پر مدعو کیا ۔ انودیپ اور ان کے والدین کو تہنیت پیش کی اور کہا کہ نوجوان نسل کے لیے انودیپ مشعل راہ ہے ۔ محنت اور جستجو سے ہر چیز کو ممکن بنانے کا انودیپ نے ثبوت پیش کیا ہے ۔ مقصد کو حاصل کرنے کے لیے سنجیدہ کوشش کی جاتی ہے تو اس کے مثبت نتائج برآمد ہوتے ہیں جس کی مثال انودیپ ہے ۔ اس موقع پر ڈی جی پی مہیندر ریڈی ، ارکان پارلیمنٹ کویتا ، سمن ، ویشویشور ریڈی ، رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین اور دوسرے موجود تھے ۔۔