تلنگانہ کے نوجوانوں کے شاندار مظاہرہ پر ملک بھر میں منفرد اعزاز ، کے سی آر
حیدرآباد ۔ 28 اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے سیول سرویسیس کے امتحانات میں تلنگانہ کے طلبہ کی جانب سے بہترین رینکس حاصل کرنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔ ملک کیلئے خدمات انجام دینے کیلئے تیار ہونے والوں میں تلنگانہ کے بچوں کی اکثریت ہونے پر فخر کا اظہار کیا۔ ملک بھر میں سرفہرست رینک حاصل کرنے والے میٹ پلی کے ڈی انودیپ 6 واں مقام حاصل کرنے والے ضلع کھمم کے کویا سری ہرشا 144 واں رینک حاصل کرنے والے پینٹاپلی ضلع محبوب آباد کی جی مادھوری 393 واں رینک حاصل کرنے والے کاماریڈی کے سروبھی ادرش، 624 واں رینک حاصل کرنے والے اکشے کمار 721 واں رینک حاصل کرنے والے پداپلی کی بی الکھیا 724 واں رینک حاصل کرنے والے ضلع نظام آباد کے آئی شیلو کو چیف منسٹر نے مبارکباد پیش کی۔ 9 واں رینک حاصل کرنے والی جسمانی معذور سومیا شرما کے علاوہ آل انڈیا رینکس حاصل کرنے والے دوسرے طلبہ پر بھی فخر کا اظہار کیا۔ ملک بھر کے ہر مسابقتی امتحانات میں تلنگانہ طلبہ کے بہترین مظاہرے پر چیف منسٹر نے اطمینان کا اظہار کیا۔ کے سی آر نے کہا کہ سیول سرویسیس کے علاوہ دوسرے مسابقتی امتحانات میں طلبہ کو تیار کرانے کیلئے حکومت کی جانب سے اسٹڈی سرکلس کا اہتمام کرتے ہوئے دوسری تمام سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ خانگی شعبہ میں بھی مسابقتی امتحانات کی کوچنگ کیلئے حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے دوسرے شہروں میں بھی سنٹرس قائم کرنے پر زور دیا۔