حیدرآباد ۔ 27 اگست ( این ایس ایس ) گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے زیرتربیت سیول افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے عہدوں کو جواب دہی کے تصور کے ساتھ بہتر حکمرانی کی فراہمی کے مقصد سے استعمال کریں ، کیونکہ سیول خدمت گذار ( افسران) ہی ملک کی ہمہ جہتی ترقی کی مہم میں کلیدی ساجھیدار ہوتے ہیں ۔ گورنر نرسمہن آج یہاں ڈاکٹر سری چناریڈی انسٹی ٹیوٹ برائے فروغ انسانی وسائل میں سیول سروینٹس کے 93ویں فاؤنڈیشن کورس سے افتتاحی خطاب کررہے تھے ۔ یہ اپنی نوعیت کا سب سے بڑا بیاچ ہے جس میں 26ریاستوں کے 20مختلف خدمات سے وابستہ 324 ٹرینی سیول سروینٹس حصہ لے رہے ہیں ۔ جن میں آئی پی ایس ، آئی اے ایس ، آئی آر ایس ، آئی ایف او ، آئی ایس ایس ، آئی ای ایس وغیرہ بھی شامل ہیں ۔گورنر نے ان ٹرینی سیول سروینٹس کو حلف بھی دلایا ۔ انہوں نے تمام زیر تربیت سیول خدمت گذاروں پر زور دیا کہ وہ خود کو محض اپنے مشورہ کام تک محدود رکھنے کے بجائے ایک وسیع تر ویژن کے ساتھ خدمات انجام دیں ۔