ممبئی 2 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر کانگریس لیڈر عبدالرحمن انتولے کا آج طویل علالت کے بعد انتقال ہوگیا ۔ ان کی عمر 85 سال تھی ۔ وہ مہاراشٹرا کے سابق چیف منسٹر اور یو پی اے کی پہلی معیاد میں مرکزی وزیر تھے ۔ انہوں نے بریچ کینڈی ہاسپٹل میں آخری سانس لی جہاں انہیں گذشتہ مہینے شریک کیا گیا تھا ۔ انتولے مہاراشٹرا کے ساحلی کونکن کے علاقہ سے تعلق رکھتے تھے ۔ انتقال آج صبح 10 بجے ہوا ۔تدفین ان کے آبائی امبیٹ گاؤں رائے گڑھ میں کل عمل میں آئیگی ۔
کانگریس کے بزرگ لیڈر عبدالرحمن انتولے کا طویل علالت کے بعد آج انتقال ہوگیا۔وہ مہاراشٹرا کے پہلے مسلم چیف منسٹر تھے اور سمنٹ اسکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد مستعفی ہوگئے تھے ، ان کی عمر 85سال تھی۔ مسٹر انتولے جون 1980 سے جنوری 1982ء تک مہاراشٹرا کے چیف منسٹر اور منموہن سنگھ کی زیر قیادت یو پی اے حکومت I میں وزیر اقلیتی اُمور تھے۔ خاندانی ذرائع نے بتایا کہ کانگریس کے سینئر لیڈر گردوں کے عارضہ سے متاثر تھے۔ اور آج صبح ایک خانگی ہاسپٹل میں انتقال کرگئے۔ نماز جنازہ اور تدفین ضلع رائے گڑھ میں ان کے آبائی گاؤں میں عمل میں آئے گی۔ مسٹر انتولے ہمیشہ تنازعات میں گھرے رہتے تھے۔ مہاراشٹرا میں سمنٹ اسکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی مسلسل ہنگامہ آرائی اور احتجاج کے پیش نظر اسوقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی کے اصرار پر انہوں نے بحیثیت چیف منسٹر استعفی دے دیا تھا۔ ان پر یہ الزام تھا کہ اندرا گاندھی پرستھا پرتشٹھان کیلئے عطیہ چیک کی شکل میں دینے کیلئے ایک بلڈر پر دباؤ ڈالا تھا اور یہ ٹرسٹ خود انہوں نے قائم کیا تھا۔چونکہ اسوقت سمنٹ پر حکومت کا کنٹرول تھا اور اضافہ کوٹہ کی اجرائی کے عوض بلڈر سے عطیہ طلب کیا گیا تھا۔ مسٹر انتولے کے متنازعہ بیانات نے دیگر سیاستدانوں کے مقابل میں انہیں ممتاز شخصیت بنادیا تھا۔
انہوں نے ممبئی میں 26/11 کے دہشت گردانہ حملوں کے بعد ایک بیان دیتے ہوئے زبردست تنازعہ کھڑا کردیا تھا کہ انسداد دہشت گردی دستہ کے سربراہ ہیمنت کرکرے کی موت کی تحقیقات کروائی جائے جن کی موت مالیگاؤں بم دھماکہ کیس میں ہندو دہشت پسندوں کو بے نقاب کرنے پر منصوبہ بند سازش کا نتیجہ تھی۔ واضح ہو کہ ہیمنت کرکرکے ممبئی پر حملہ کے وقت دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے جاں بحق ہوگئے تھے۔ عبدالرحمن انتولے ایمرجنسی کے دوران اندرا گاندھی کے سچے اور پکے وفادارلیڈر تھے اور 1974 میں کانگریس میں پھوٹ کے بعد ان کی قیامگاہ پر ہی اندرا گاندھی کی قیادت میں ایک نئی پارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔ان کی وفاداریوں کے صلہ میں اندرا گاندھی نے جون 1980ء میں انہیں چیف منسٹر مہاراشٹرا بنایا تھا۔ وہ شرد پوار کے جانشین تھے۔